بھٹکل، 14 جون (ایس او نیوز): سو سالہ قدیم اور ضلع اُترکنڑا کے سب سے بڑے اور معروف سماجی ادارے، مجلس اصلاح و تنظیم، کی نئی سہ سالہ میعاد کے لیے منعقدہ انتخابی عمل کے بعد جناب عنایت اللہ شاہ بندری کو ایک بار پھر ادارے کا صدر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ عزیز الرحمن رکن الدین ندوی جنرل سکریٹری کے عہدے پر منتخب ہوئے ہیں
نئی انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں میں پلّور محمد صادق نائب صدر اول، قمر سعدا نائب صدر دوم، رکن الدین عبدالسلام نائب صدر سوم، اقبال سُہیل سکریٹری برائے انتظامی امور، دامودی عبدالمبین سکریٹری مالیات اور قمری بلال محاسب منتخب کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 12 مئی کو تنظیم کی نئی سہ سالہ میعاد کے لیے انتخابات منعقد ہوئے تھے، جن میں 45 اراکین کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔ بعد ازاں 12 جون کو منعقدہ پہلے اجلاس میں مزید 10 اراکین کو انتظامیہ میں شامل کیا گیا،جبکہ سابق انتظامیہ کے 10 اراکین کو بھی نئی انتظامی باڈی میں شامل کیا گیا تھا۔

تنظیم کی انتظامیہ مجموعی طور پر 137 اراکین پر مشتمل ہے، جن میں پانچ سرپرست شامل ہیں۔ ان اراکین میں بھٹکل سے 65 منتخب نمائندے اور سات شوریٰ اراکین، ملک کے مختلف شہروں سے 17 جبکہ بیرونِ ملک سے 40 اراکین شامل ہیں۔ نو منتخب صدر کو مزید تین اراکین کو انتظامیہ میں نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہے، جس کے بعد نئی انتظامیہ مکمل ہو جائے گی۔
الیکشن کمشنر محی الدین الطاف کھروری کے مطابق پورا انتخابی عمل نہایت شفاف، منظم اور پُرامن ماحول میں انجام پایا۔ انہوں نے اس کامیاب عمل کے لیے بھٹکل کے مختلف محلوں کے اسپورٹس سینٹروں، ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک موجود جماعتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے سرپرست ایس ایم سید محی الدین کی صدارت میں عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں 96 اراکین نے شرکت کی۔
اس مرتبہ تنظیم کی نئی انتظامیہ میں پچاس فیصد سے زائد نئے چہروں کو نمائندگی حاصل ہوئی ہے، جسے ادارے کی تاریخ میں ایک اہم اور غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی سماجی حلقوں کے مطابق نئی اور نوجوان قیادت کی نمایاں شمولیت سے تنظیمی سرگرمیوں، عوامی مسائل کے حل اور سماجی خدمات کے میدان میں نئی سوچ اور توانائی کے فروغ کی توقع کی جا رہی ہے۔