منگلورو، 31 مارچ (ایس او نیوز): دکشن کنڑا ضلع کے بیلتنگڈی میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعے میں ایک تیز رفتار بس کا دروازہ اچانک کھل جانے کے باعث دو طالبات سڑک پر جا گریں۔ تاہم خوش قسمتی سے دونوں طالبات معمولی چوٹوں کے ساتھ محفوظ رہیں اور بتایا گیا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کلیا گاؤں کے ریشمے روڈ پر اس وقت پیش آیا جب پتور سے دھرمستھلا جانے والی سرکاری بس بیلتنگڈی کی جانب جا رہی تھی۔ دونوں طالبات، جو آپس میں بہنیں بتائی جاتی ہیں، گیروکٹے کے مقام پر بس میں سوار ہوئی تھیں اور دروازے کے قریب کھڑی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی بس ریشمے روڈ کے ایک موڑ پر پہنچی اور تیزی سے مڑی، اچانک اس کا دروازہ کھل گیا، جس کے نتیجے میں دروازے کے قریب کھڑی دونوں طالبات توازن کھو بیٹھیں اور سڑک پر جا گریں۔ بتایا گیا ہے کہ پہلے بڑی بہن گری، جبکہ فوراً بعد اس کے ساتھ کھڑی چھوٹی بہن بھی نیچے گر گئی۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد موقع پر پہنچے اور دونوں زخمی طالبات کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں طالبات کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔
یہ پورا واقعہ قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں طالبات گیروکٹے سے بیلتنگڈی میں واقع اپنے اسکول جا رہی تھیں کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
بیلتنگڈی پولیس میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔