ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اترکنڑا کے جوئیڈا میں چار گاڑیوں کے درمیان تصادم؛ ٹپر ڈرائیور ہلاک، سات زخمی

اترکنڑا کے جوئیڈا میں چار گاڑیوں کے درمیان تصادم؛ ٹپر ڈرائیور ہلاک، سات زخمی

Wed, 10 Jun 2026 20:11:15    S O News
اترکنڑا کے جوئیڈا میں چار گاڑیوں کے درمیان تصادم؛ ٹپر ڈرائیور ہلاک، سات زخمی

کاروار، 10 جون: اترکنڑا ضلع کے جوئیڈا تعلقہ کے جگل بیٹ علاقے کے قریب بدھ کے روز پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں ٹپر ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ سات دیگر افراد زخمی ہوگئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

حادثہ کاروار-رام نگر سڑک پر واقع کرشنا مندر کے موڑ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک ٹپر بے قابو ہوکر نِسّان کار، بولیرو گاڑی اور ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں چار گاڑیوں کے درمیان سلسلہ وار تصادم رونما ہوا۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے ٹپر ڈرائیور کی شناخت کمٹہ کے رہائشی بابو کے طور پر کی گئی ہے، جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

joida-uk-accident-2.jpg

حادثے میں زخمی ہونے والے سات افراد کو ابتدائی طور پر رام نگر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعض شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ہبلی کے کے ایم سی اسپتال اور بیلگاوی کے اسپتال روانہ کیا گیا۔

حادثے کے سبب جگل بیٹ کے قریب کچھ وقت تک ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔ بعد ازاں پولیس اور متعلقہ حکام نے سڑک سے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹاکر ٹریفک بحال کر دیا۔

رام نگر پولیس تھانے کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے اور موقع کا معائنہ کرنے کے بعد مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔


Share: