ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منی پور میں ہزاروں افراد سڑکوں پر اترے، کوکی جنگجوؤں سے جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے اور وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ

منی پور میں ہزاروں افراد سڑکوں پر اترے، کوکی جنگجوؤں سے جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے اور وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ

Sun, 01 Nov 2026 11:33:13    S O News
منی پور میں ہزاروں افراد سڑکوں پر اترے، کوکی جنگجوؤں سے جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے اور وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ

امپھال  ، یکم نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)منی پور میں مقامی آبادی کے تحفظ اور کوکی-زو جنگجوگروپوں کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدہ کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنیچر کوہزاروں افراد نے ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین نے مقامی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے استعفیٰ کی مانگ کی۔

امپھال میں مرکزی ریلی میتئی تنظیموں کی مشترکہ تنظیم ’’کوآرڈینیٹنگ کمیٹی آن منی پور انٹیگریٹی ‘‘ نے منعقد کی۔ کئی ناگا تنظیموں نے بھی مطالبات کی حمایت کی۔ ناگا اکثریتی اضلاع سینی پتی اور چندیل میں الگ الگ مارچ نکالے گئے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل جنگجوؤں  نے۱۴؍ میتئی افراد پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جس میں ۳؍کی موت ہوگئی تھی۔ اس واقعے کے بعد سے احتجاج شروع ہوگیا ہے۔ منی پور مئی۲۰۲۳ء سے نسلی تشدد کی زدپر ہے۔ امپھال ویسٹ میں تِدِم گراؤنڈ سے تھاؤ گراؤنڈ تک نکالے گئے مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں ناگا برادری کے لوگ بھی خاصی تعداد میں  شامل تھے۔ ناگا برادری کی بڑی تنظیم یونائٹیڈ ناگا کونسل نے اس ریلی کی حمایت کا اعلان کیاتھا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پوسٹر اور پلے کارڈ تھے، جن پر ’’منی پور کو بچاؤ‘‘، ’’ہم امن اور انصاف چاہتے ہیں ‘‘ اور ’’جنگ بندی کا معاہدہ ختم کرو‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ میتئی سماج کی تنظیم ’’کوآرڈینیٹنگ کمیٹی آن منی پور انٹیگریٹی ‘‘ کے کنوینر وائی دھرین نے بتایا کہ ہم ریاست کی مقامی آبادی کی جان و مال کی حفاظت میں ناکامی پر وہ موجودہ حکومت سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ریلی ہے اور لوگ ایسی پالیسیوں اور پروگراموں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں جو مقامی آبادی کے مفادات کے خلاف ہیں۔

مظاہرہ میں شامل ایک شخص نے بتایا کہ ’’ساڑھے ۳؍ سال سے جاری بحران کے بعد ناگا قبائل، میتئی اور دیگر مقامی برادریاں حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف متحد ہورہی ہیں، جنہیں وہ مقامی لوگوں کے مفادات کے منافی سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم بہت زیادہ تکلیف برداشت کرچکے ہیں اور جان و مال کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔ ہمیں غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات کی اسمگلنگ سے وابستہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہوگا اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہوگا۔ ‘‘ضلع سینی پتی میں ناگا پیپلز آرگنائزیشن، سینی پتی ڈسٹرکٹ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن اور سینی پتی ڈسٹرکٹ ویمنز اسوسی ایشن نے کوکومی کی ریلی کی حمایت میں مارچ نکالا۔ ضلع چندیل میں بھی ریلی نکالی گئی، جس میں وزیراعلیٰ  کے استعفے اور جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 


Share: