ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / عمان کے ساحل کے قریب ایک اور ہندوستانی جہاز حملے کی زد میں، تین دن میں تیسرا واقعہ

عمان کے ساحل کے قریب ایک اور ہندوستانی جہاز حملے کی زد میں، تین دن میں تیسرا واقعہ

Thu, 11 Jun 2026 17:16:09    S O News

مسقط ، 11/جون (ایس او نیوز /ایجنسی)عمان ساحل کے قریب بدھ کے روز ایک جہاز پر ہوئے حملہ کے 24 گھنٹے گزرتے گزرتے مزید ایک جہاز پر حملہ کی خبر سامنے آ گئی ہے۔ تازہ حملہ عمان واقع شیناس بندرگاہ کے قریب ایک ہندوستانی جہاز پر ہوا ہے۔ جہاز کا نام ’ایم ٹی جل ویر‘ ہے اور سامنے آئی ویڈیوز میں سمندر کے درمیان اس جہاز کو جلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس واقعہ کی جانکاری ملنے کے بعد متعلقہ افسران حالات پر لگاتار نظر بنائے ہوئے ہیں۔

افسران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج (جمعرات کو) شیناس بندرگاہ کے پاس ایک جہاز (ویسل) سے متعلق حادثہ کی خبر ملی ہے۔ معاملے کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے حالات کی لگاتار نگرانی کی جا رہی ہے۔ جاری بیان کے مطابق حادثہ سے متعلق تفصیلی جانکاری حاصل کرنے کے لیے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ افسران کے ساتھ رابطہ کیا جا رہا ہے۔ فی الحال حادثہ کی وجہ اور ممکنہ اثرات کو لے کر کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی گئی ہے۔

اس حملہ کی جانکاری عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے دی گئی ہے۔ مزید معلومات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ممکن ہے جلد ہی نیا بیان جاری کیا جائے گا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس حملہ میں جہاز پر موجود سامانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، حالانکہ کسی جانی نقصان کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔

واضح رہے کہ عمان ساحل کے قریب گزشتہ بدھ کو بھی ایک کمرشیل جہاز پر حملہ کیا گیا تھا۔ جہاز پر عملہ کے 28 اراکین سوار تھے، جن میں سے 24 ہندوستانی تھے۔ 21 ہندوستانیوں کو تو بچا لیا گیا تھا، لیکن 3 لاپتہ ہو گئے تھے۔ حالانکہ اب لاپتہ تینوں ہندوستانیوں کی موت سے متعلق تصدیق ہو چکی ہے۔ تینوں ہندوستانیوں کی لاشیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ ہندوستان نے 10 جون کو ہوئے اس حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جس جہاز پر یہ حملہ کیا گیا تھا، اس کا نام ’سیٹے بیلے‘ تھا۔


Share: