منگلورو ،31 / مئی (ایس او نیوز) منگلورو سٹی پولیس کمشنر کی حیثیت سے 2010 بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر سدھیر کمار ریڈی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ۔
منگلورو سٹی پولیس کمشنر انوپم اگروال کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس [اقتصادی جرائم]، سی آئی ڈی کے طور پر ٹرانسفر کیے جانے کے ساتھ اسٹیٹ پولیس ہیڈ کوارٹرس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس(انٹلی جنس) کی ذمہ داری نبھا رہے سدھیر کمار کو منگلورو سٹی پولیس کمشنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
بنیادی طور پر آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے نئے پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے اس سے پہلے جون 2017 سے جنوری 2018 تک ایک مختصر عرصے کے لئے دکشن کنڑا پولیس سپرنٹنڈنٹ کی خدمات انجام دی ہیں ۔ اُس زمانے میں سدھیر کمار ریڈی نے ریت مافیا پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کیے تھے ۔ ان کی تعیناتی کے دوران بی سی روڈ پر آر ایس ایس کارکن شرتھ مڈیوال کا قتل ہوا تھا اور دو مہینے کے اندر سدھیر کمار نے اس قتل کے ملزمان کو گرفتار کیا تھا ۔
بطور کمشنر اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد سدھیر کمار ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے کمشنریٹ کے حدود میں محکمہ پولیس اور عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں سرگرم رہیں گے ۔