ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : نقلی صحافیوں کی آفت پر روک لگائیں - ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیوانند کی اپیل

سرسی : نقلی صحافیوں کی آفت پر روک لگائیں - ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیوانند کی اپیل

Mon, 26 Jan 2026 12:44:26    S O News
سرسی : نقلی صحافیوں کی آفت پر روک لگائیں - ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیوانند کی اپیل

سرسی ، 26/ جنوری  (ایس او نیوز) ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن اتر کنڑا کے نومنتخب عہدیداروں کو منصب تفویض کرنے کے لئے شہر کے ٹی آر ایس ہال میں منعقدہ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے ریاستی صدر شیوانند تگڈور نے کہا کہ آج کل اپنے آپ کو صحافی بتاتے ہوئے راستے کی رکاوٹ بننے والوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ ایسے بدنیت نقلی صحافیوں کو نکال باہر کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کو پاک و صاف رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
    
انہوں نے کہا کہ " ڈی وی گنڈپّا کے ذریعے قائم کی گئی صحافیوں کی یہ تنظیم اس وقت دس ہزار سے زائد اراکین پر مبنی ایک بہت بڑی ایسو سی ایشن بن گئی ہے ۔ سوشیل میڈیا کے اس دور میں جب میڈیا پر اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں سچائی کو پہچانتے ہوئے اسے عوام کے سامنے پیش کرنے والا ہی حقیقی صحافی ہے ۔ صحافیوں کو کبھی بھی اہنے قارئین کو اعتماد نہیں کھونا چاہیے ۔"
    
شیوانند نے بتایا کہ صحافیوں کے لئے بس پاس جاری کرنے سے متعلق قوانین کو آسان بنانے کے لئے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ سے بات چیت چل رہی ہے ۔ اس کے علاوہ صحافیوں کے لئے طبی سہولتیں فراہم کرنے والی "مکھیہ منتری مادھیم سنجیوینی" اسکیم کا اجرا بھی جلد ہونے والا ہے ۔ 
    
ایسو سی ایشن کے ریاستی جنرل سیکریٹری بی پی لوکیش نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ " ایک صدی کی تاریخ رکھنے والی ہماری تنظیم کبھی بھی سیاست کا شکار نہیں ہوئی ہے ۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے مقصد سے ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ دیہی علاقوں کے صحافیوں کو بھی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے ۔"
    
ایسوسی ایشن کے عہدے سے فارغ ہونے والے ضلعی صدر سبرایا بھٹ بکّل نے کہا :" گزشتہ تیس برس کی مدت میں سب لوگوں کے تعاون سے ایسو سی ایش نے بڑی ترقی کی ہے ۔ اس وقت ضلع یونٹ کے پاس دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اثاثہ اور اپنا خود کا بھون موجود ہے، جو کہ ایک قابل رشک بات ہے ۔
    
نومنتخب صدر نرسمہا اڈی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ " نقلی صحافیوں کا خطرہ ایک بہت بڑا سوال بن کر ابھرا ہے ۔ ایسو سی ایشن کو منظم طریقے سے آگے بڑھانے اور حکومت اور عوام کے بیچ پُل بن کر کام کرنے کے لئے تمام اراکین کا تعاون بہت ضروری ہے ۔ 
    
مہمان خصوصی کے طور پر اجلاس میں شریک مشہور تاجر اوپیندرا پائی نے کہا کہ سرسی کے بیشتر صحافی ہمیشہ سچ ہی لکھتے ہیں ۔ بس چند لوگوں پر روک لگانے کی ضرورت ہے ۔ صحافیوں کو سماج کا رخ بدلنے کی طاقت حاصل ہے ۔ جبکہ جہد کار اننت مورتی ہیگڑے نے کہا کہ صحافیوں کے لئے سہولتوں کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے ۔ آئندہ اس پر سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے ۔ 
    
اس موقع پر جی وی لوکیش نے نو منتخب عہدیداروں کو حلف دلایا ۔ ضلع مختلف صحافیوں کی تہنیت کی گئی ۔ ایسو سی ایشن کے نائب صدر بسوا راج پاٹل نے افتتاحی خطاب کیا ۔ گریدھر کبلّی نے نظامت کی اور سندیش بھٹ نے شکریہ ادا کیا ۔ 


Share: