سرسی 11 / جون (ایس او نیوز) سداپور تعلقہ کے کانسور میں واقع اندرا گاندھی رہائشی اسکول کے ایک طالب علم کی موت کے بارے میں مکمل تفتیش کا مطالبہ کرتے ہوئے لڑکے کے والدین اور عوام نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اندرا گاندھی رہائشی اسکول کے جس طالب علم نے کھڑکی کی سلاخ سے توال باندھ کر خود کشی کی ہے اس کا نام گوکل کرشنا گوڑا (16 سال) ہے ۔ اس کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے بچے کے والدین نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔
گھر والوں کی طرف سے موت کے اسباب پر شبہ ظاہر کرنے کی وجہ سے لاش کا پوسٹ مارٹم کاروار میں کرنے کے بعد لاش کو لے کر جب ایمبولینس کانسور پہنچی تو دیویسر کراس کے پاس لوگوں نے ایمبولینس کو روک لیا اور احتجاجی مظاہرا کیا ۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ یہ ایک خود کشی کا معاملہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور سبب ہے ؟ اس کے بارے میں وضاحت ہونی چاہیے ۔ اس کے علاوہ جس دن یہ معاملہ ہوا ہے اس دن کی سی سی ٹی وی فوٹیج والدین کو دکھانا چاہیے اور موت کے اسباب ظاہر کرنا چاہیے۔
چونکہ اس موت کے بارے میں بہت سارے شکوک پیدا ہوئے ہیں اس لئے پولیس کی طرف سے اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔ اور تفتیش میں جو کوئی بھی قصور وار پایا جاتا ہے اس کے خلاف کڑی کارروائی ہونی چاہیے۔
بتایا جاتا ہے کہ فوت ہونے والا لڑکا گزشتہ ۲ سال سے اس اسکول میں زیر تعلیم اور امسال دسویں کلاس میں داخل ہوا تھا۔ ابھی نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ چھ دن پہلے ہی رہائشی اسکول میں آیا تھا۔ لڑکے کے والدین کا کہنا ہے کہ بچہ کھڑکی کی سلاخ سے توال باندھ کر خود کشی کرنے کا کوئی امکان ہی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ یہ واقعہ 3.30 بجے پیش آنے کے باوجود والدین کو شام میں پانچ بجے اطلاع دی گئی ہے۔ جب لڑکا خودکشی کر رہا تھا تب اساتذہ اور ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ کہاں تھے اور کیا کر رہے تھے ؟
ان کا کہنا ہے کہ تفتیش اس زاویے سے بھی ہونی چاہیے کہ دیگر ساتھی طلبہ یا کسی اور کی طرف سے ہراسانی یا ذہنی دباو تو اس کی موت کا سبب نہیں ہے ؟ سی سی ٹی وی فوٹیج اگر عوام کو نہ دکھائی جائے تو بھی پروا نہیں ہے لیکن لڑکے کے والدین کو دکھانا ہوگا۔
اس موقع پر موجود سرکل انسپکٹر جے بی سیتا رام، تفتیشی افسر پی ایس آئی ناگپّا نے مظاہرین کو بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج معائنہ کے لئے فارنسک لیباریٹری کو بھیجی جاتی ہے، اس لئے ظاہر کرنا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے ہر زاویے سے اس واقعہ کی تحقیق و تفتیش کرنے کا تیقن دیا۔