بنگلورو28/ مئی (ایس او نیوز) : کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد سینئر کانگریسی لیڈر سدارامیا نے واضح کیا ہے کہ وہ قومی سیاست میں جانے کے بجائے ریاستی سیاست میں ہی سرگرم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان نے انہیں راجیہ سبھا جانے کا مشورہ دیا تھا، لیکن انہوں نے مؤدبانہ انداز میں اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔
استعفیٰ کے فوراً بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ انہیں قومی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ آئندہ بھی کرناٹک کی سیاست میں ہی متحرک رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے کے عوام نے انہیں اسمبلی کے لئے منتخب کیا ہے اور بطور رکن اسمبلی ان کی مدت ابھی دو سال باقی ہے، اس لئے وہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری ریاست کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔
سیاسی حلقوں میں جاری قیاس آرائیوں کے درمیان سدارامیا نے اگلے وزیر اعلیٰ کے نام پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کرے گی اور اسی کے مطابق آئندہ لائحہ عمل طے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، کانگریس قیادت گزشتہ کئی دنوں سے قیادت کی تبدیلی کے معاملے پر غور کررہی تھی اور پارٹی کے اندر مختلف سطحوں پر مشاورت کا سلسلہ جاری تھا۔ استعفیٰ کے بعد ریاستی سیاست میں نئی صف بندیوں اور ممکنہ اقتدار کی تبدیلی کو لے کر سرگرمیاں مزید تیز ہوگئی ہیں۔
سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ سدارامیا کے اس اعلان سے یہ واضح پیغام گیا ہے کہ وہ فعال سیاست سے دور ہونے کے بجائے کرناٹک کی سیاست میں اپنا کردار برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے اس بیان کے بعد اب تمام نظریں کانگریس ہائی کمان کے اگلے فیصلے پر مرکوز ہوگئی ہیں۔