بھٹکل 3 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل نیشنل ہائی وے پر اسکول وین اور لاری کے درمیان ہوئی ٹکر میں وین ڈرائیور اور وین کی معاون خاتون زخمی ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ پیر دوپہر قریب 12:30 بجے اُس وقت پیش آیا آٹھ سیٹوں والی پرائیویٹ اسکول وین بچوں کو موگلی ہونڈا چھوڑ کر واپس اسکول جانے کے لئے نکلی تھی کہ کوالٹی ہوٹل کے قریب غالباً کسی دوسری سواری کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں مخالف سمت سے آنے والی لاری سے ٹکراگئی۔ خوش قسمتی سے وین میں بچے نہیں تھے۔
رحمت آباد، مدینہ کالونی کا رہائشی پرائیویٹ اسکول کا وین ڈرائیورمحمد عِشام (22) کو حادثے میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مینگلور لے جایا گیا ہے، جبکہ وین کی خالہ یا معاون خاتون شہناز فیاض (24)، موگلی ہونڈا کی رہائشی بتائی گئی ہیں، کو سرکاری اسپتال کے بعد پرائیویٹ اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔
حادثے کے نتیجے میں وین کو شدید نقصان پہنچا ہے۔