
کاروار23/مئی (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات اور کرناٹک اسٹیٹ قدرتی آفات مانیٹرنگ سینٹر (KSNDMC) نے کرناٹک کے ساحلی اضلاع، بشمول اترکنڑا، میں 24 مئی سے 27 مئی تک بھاری بارش ہونے کا انتباہ دیتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جس کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے عوام اور سرکاری افسران دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بحرعرب میں ہوا کا دباؤ کم ہونے کی وجہ سےضلع میں تیز ہوائیں چلنے اور شدید بارش ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ جس کے پیش نظر ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے کہا ہے ضلع کے ساحلی علاقوں، یعنی ماجالی سے لے کر بھٹکل تک، 24 مئی کو صبح 8:30 بجے سے رات 8:30 بجے تک 2.7 سے 3.3 میٹر بلند لہریں اٹھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر ہائی ٹائیڈ الرٹ جارتی کرتے ہوئے تمام سمندری سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔
طوفانی بارش کے پیش نظر کاروار ڈی سی دفتر میں 24/7 ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین معلومات کے لیے ضلع انتظامیہ کے سوشل میڈیا اور مقامی اخبارات کے اُپڈیٹ پر نظر رکھیں۔ (ساحل آن لائن پر بھی عوام الناس کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی تمام معلومات سے آگاہ کیا جائے گا۔)
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اس بات کی بھی اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ ریڈ الرٹ کے دوران ماہی گیروں کو سختی کے ساتھ سمندر میں اُترنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ عوام، بالخصوص بچوں کو ندیوں، نالوں، تالابوں اور ساحلی علاقوں کے قریب جانے سے روکنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ سیاحوں اور عام عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ پانی والے علاقوں اور سمندر میں داخل ہونے سے سختی سے گریز کریں۔
کسانوں کو بارش اور آسمانی بجلی کے دوران کھیتی باڑی سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بارش کے دوران عوام، بچے اور مزدور غیر ضروری طور پر باہر نہ گھومیں اور محفوظ عمارتوں میں پناہ لیں۔ بچوں اور عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ خطرناک درختوں، بجلی کے کھمبوں اور گرے ہوئے برقی تاروں کے قریب نہ جائیں۔ کمزور یا بوسیدہ عمارتوں، درختوں کے نیچے یا قریب کھڑے نہ ہوں۔
گرج چمک، بارش یا تیز ہوا کے وقت تمام حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کرنا لازم ہے۔ اگر ضرورت پیش آئے تو عوام قریبی سرکاری پناہ گاہ میں بھی قیام کرسکتے ہیں۔ جو لوگ نشیبی علاقوں یا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یا بوسیدہ دیواروں والے مکانات میں رہتے ہوں، انہیں کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ جگہ پر منتقل ہوجائیں اور اگر ممکن ہو تو متعلقہ تحصیلدار کی شناخت والی سرکاری پناہ گاہ میں منتقل ہو جائیں۔
دیہی علاقوں میں نالوں اور چھوٹے پلوں سے گزرتے وقت احتیاط برتنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر کہیں بھی بوسیدہ دیواریں یا کمزور عمارتیں یا کمزور مکانات نظر آئیں تو فوری طور پر نیچے دیے گئے نمبرز پر اطلاع دیں۔ مزید معلومات یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلع کنٹرول روم کے 24/7 فون نمبر 229857 (08382) - یا واٹس ایپ نمبر 9483511015 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع اُترکنڑا کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ رہیں، چوکنا رہیں، اور اس غیرمعمولی موسمی صورتحال کے دوران انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔