بھٹکل، 5/ جون (ایس او نیوز): رینبو فلورنگ، جو کہ بھٹکل اور آس پاس کے علاقوں میں فرش سازی، ٹائلز، ماربل، سینیٹری ویئر اور دیگر تعمیراتی اشیاء کے حوالے سے ایک معتبر نام بن چکا ہے، نے اپنی 25 سالہ کامیاب خدمات کے جشن (سلور جوبلی) کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس ادارے نے 2000 میں محض اینٹوں کے کاروبار سے آغاز کیا تھا اور آج یہ ایک جدید، وسیع و خوبصورت شوروم میں تبدیل ہو چکا ہے۔
اس پُروقار تقریب میں قاضی صاحبان مولانا عبدالرب خطیبی ندوی، مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا الیاس جاکٹی ندوی سمیت چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت بطورِ مہمانِ خصوصی شریک تھے۔ پروگرام کا آغاز شام 4:30 بجے ہوا۔ اپنے خطاب کے دوران مولانا عبدالرب ندوی نے ایک خوبصورت تشبیہ دیتے ہوئے فرمایا کہ جس طرح ایک تاجر اپنے کاروبار کو کامیاب بنانے کے لیے ہر کسی کا خوش دلی سے استقبال کرتا ہے، سب کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتا ہے اور بہتر تعلقات قائم رکھتا ہے، اسی طرح اگر ہر انسان دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک اور خوش اخلاقی سے پیش آئے، تو دنیا میں امن پھیلے گا۔

ڈاکٹر سویتا کامت نے اپنے خطاب میں کمپنی کے سی ای او الطاف صاحب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے تو اپنا کاروبار کسی بیرونی ملک میں قائم کرکے وہاں مزید کامیابی حاصل کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے اپنے ہی وطن اور اپنے شہر بھٹکل میں رہ کر اس کام کو انجام دینا زیادہ بہتر اور صحیح سمجھا، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینبو فلورنگ کا یہ 25 سالہ سفر محض ایک کاروباری ترقی کی کہانی نہیں بلکہ ایک وژن، خلوص اور معیاری خدمت کا مظہر ہے۔ اس ادارے نے ثابت کیا ہے کہ بڑے شہروں جیسی سہولیات اب چھوٹے شہروں جیسے بھٹکل میں بھی ممکن ہیں — اور وہ بھی عالمی معیار کے ساتھ۔ بھٹکل جیسے شہر کے لیے یہ ایک بڑی بات ہے کہ اب یہاں کے لوگوں کو معیاری تعمیراتی مواد کے لیے منگلورو، بنگلورو یا ہبلی جانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ رینبو فلورنگ جیسے ادارے نے وہ تمام سہولیات بھٹکل میں ہی مہیا کر دی ہیں۔
اس موقع پر ادارے کے باوفار اور طویل مدتی صارفین کو خصوصی شیلڈز اور تحائف سے نوازا گیا، اور ان ملازمین کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی جو گزشتہ 15 سے 20 برسوں سے رینبو فلورنگ کے ساتھ وابستہ ہیں۔ جناب الطاف صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا: "آج اگر میں اس مقام پر ہوں تو یہ سب میرے عملے کی محنت، وفاداری اور خلوص کا نتیجہ ہے۔ ہمارے ملازمین یہاں کسی ملازم کی حیثیت سے نہیں بلکہ اسے اپنا ذاتی کاروبار سمجھ کر محنت کرتے آئے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ "اگر کوئی شخص اپنے گھر کے لیے کچھ خریدنا چاہتا ہے تو صرف قیمت کی بنیاد پر موازنہ نہ کرے، بلکہ معیار اور برانڈ کو بھی ضرور مدِ نظر رکھے۔"
سلور جوبلی تقریب کے موقع پر رینبو فلورنگ نے اپنے تین منزلہ شوروم کی تیسری منزل پر دو نئے سیکشنز "Jaguar" اور "Motto" کا بھی افتتاح کیا۔ ان سیکشنز میں خصوصی اطالوی (Italian) اور ہسپانوی (Spanish) ماربلز، جدید واش بیسن، باتھ روم فٹنگز، شاورز اور دیگر اندرونی آرائش کے مکمل حل فراہم کئے گئے ہیں۔ یہاں باورچی خانوں، باتھ رومز، فرش، بیرونی دیواروں اور ٹیبل ٹاپس کے لیے دیدہ زیب، جدید اور معیاری مصنوعات دستیاب ہیں۔



