ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب موڈبیدری میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ۔ پتور میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت

مینگلور کے قریب موڈبیدری میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ۔ پتور میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت

Sun, 12 Oct 2025 21:06:58    S O News

مینگلور  12/ اکتوبر (ایس او نیوز) مینگلور سے قریب 35 کلو میٹر دور، ضلع دکشن کنڑا کے  موڈ بیدری تعلقہ کے کئی علاقوں میں ہفتہ کی شام تیز ہواؤں، گرج چمک اور بجلی کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ  مینگلور سے قریب 50 کلو میٹر دور پُتور میں بارش کے چلتے بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق      آلنگر میں موڈبیدری - کارکلا ہائی وے پر ایک درخت گر گیا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں کچھ وقت کے لیے خلل پڑا۔ سماج مندر کے دروازے کے قریب درخت کی شاخ ٹوٹ کر بجلی کے کھمبے پر گر گئی جس سے تھیٹر کے فلیکس بورڈ کو نقصان پہنچا ہے ۔

    موڈبیدری قصبہ میں ایک بڑے درخت کی شاخ ٹوٹ کر سماج مندر کے سامنے آٹورکشا شیلٹر کے ٹین کی چھت پر گر گئی جس سے کافی نقصان ہوا ۔ درخت کی ٹوٹی ہوئی شاخ  قریبی دکان پر بھی گر گئی جس کے نیچے دکاندار پھنس گیا تھا، مگربعد میں  جو بڑی مشکل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا ۔ 

آلنگر اور اولیا کے علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے کی اطلاع ہے ۔ النگر میں سینٹ تھامس ہائی سکول کی چھت اڑ گئی اور تقریباً 100 میٹر دور جا کر گرگئی ۔ بجلی کی کچھ تاریں ٹوٹ کر زمین پر گر گئیں ، ایک درخت ایک مکان پر گر گیا ۔  اسی طرح     جین پی یو کالج کے قریب بھی  طوفانی ہواوں کے ساتھ ہوئی بارش سے ایک  درخت گر گیا ۔

تھوڈارو، بیلوائی اور آس پاس کے علاقوں سے بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کی اطلاع ہے ۔ بارش سے  کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں بھی خلل پڑنے کی خبر ہے۔

پتور میں بجلی گرنے سے  ایک شخص کی موت:  تعلقہ میں ہفتہ کی شام گرج چمک کے ساتھ زبر دست بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی ۔ 
    موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ شانتی گوڈو گاؤں کے انادکا میں پیش آیا ۔

متوفی کی شناخت وامن (40) ساکن انادکا کے طور پر کی گئی ہے ۔ 

    بتایا جاتا ہے کہ وامن، یومیہ اجرت کی مزدوری کرتا تھا ۔ وہ شام 5.30 بجے کے قریب کام کے بعد گھر واپس لوٹا تھا  اور اپنے گھر کے سامنے بیٹھا تھا کہ آسمانی بجلی گر گئی جس کی زد میں آنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی ۔


Share: