نئی دہلی 14/جولائی (ایس او نیوز) : کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بہار میں امن و قانون کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کو "ہندوستان کا کرائم کیپٹل" قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار پر الزام لگایا کہ وہ اپنی کرسی بچانے میں مصروف ہیں، جبکہ بی جے پی کے وزراء کمیشن بٹورنے میں لگے ہوئے ہیں۔
راہل گاندھی نے پیر کو سوشیل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹویٹر) پر ایک ہندی پوسٹ میں لکھا، "بہار کرائم کیپٹل آف انڈیا بن چکا ہے — ہر گلی میں خوف، ہر گھر میں بےچینی! اور بےروزگار نوجوانوں کو 'غنڈا راج' کے ذریعے قاتل بنایا جا رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا، "اس بار ووٹ صرف حکومت بدلنے کے لیے نہیں ہوگا، بلکہ بہار کو بچانے کے لیے ہوگا۔"
گاندھی نے اپنی پوسٹ میں بہار میں 11 دنوں میں 31 قتل اور "کنٹریکٹ کلنگ انڈسٹری" سے متعلق میڈیا رپورٹس کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں بہار کی حالت دن بہ دن بدتر ہوتی جا رہی ہے اور بی جے پی کے ساتھ ان کی ملی بھگت نے ریاست کو جرائم کا گڑھ بنا دیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب راہل گاندھی نے بہار حکومت کو نشانے پر لیا ہو۔ رواں ماہ کے آغاز میں معروف تاجر گپال کھیمکا کو پٹنہ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے پر بھی راہل گاندھی نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی اور نتیش کمار کی جوڑی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ انہوں نے مل کر بہار کو "کرائم کیپٹل آف انڈیا" بنا دیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گپال کھیمکا کے بیٹے کو بھی سات سال قبل حاجی پور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ تازہ واقعہ میں کھیمکا کو موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے پٹنہ میں ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔
راہل گاندھی کے بیانات کو آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کے تناظر میں اہم مانا جا رہا ہے، جہاں کانگریس کی نظریں حکومت میں واپسی پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب یہ صرف حکومت کی تبدیلی کا معاملہ نہیں بلکہ بہار کو بچانے کی لڑائی ہے۔