ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ایل پی جی قیمتوں میں اضافے پر پریانک کھرگے کا مرکز پر حملہ، عوام پر بوجھ بڑھانے کا الزام

ایل پی جی قیمتوں میں اضافے پر پریانک کھرگے کا مرکز پر حملہ، عوام پر بوجھ بڑھانے کا الزام

Mon, 08 Jun 2026 11:22:59    S O News

بنگلورو، 8/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر داخلہ پریانک کھرگے نے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں حالیہ اضافے پر مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے فوراً بعد گھریلو استعمال کے سلنڈر کی قیمت بھی گزشتہ تین ماہ کے دوران دوسری مرتبہ 29 روپے بڑھا دی گئی ہے، جس سے عام عوام پر مزید معاشی بوجھ پڑے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری اپنے بیان میں پریانک کھرگے نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید رات آٹھ بجے وزیر اعظم دوبارہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو "کم کھانا کھانے" کا مشورہ دیں اور اسے خود انحصاری کا حصہ قرار دیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو عوام کا "منگل سوتر" چھین لیا جائے گا، لیکن آج حقیقت یہ ہے کہ عوام کی روزمرہ زندگی اور ان کی دسترخوان پر براہِ راست ضرب لگائی جا رہی ہے۔

پریانک کھرگے نے الزام عائد کیا کہ مسلسل مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی قائدین خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق عوامی مسائل پر یہ خاموشی عام شہریوں کے تئیں بے حسی اور غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور ضروری اشیائے زندگی کی مہنگائی سے عام اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے، جبکہ مرکزی حکومت عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے مزید مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


Share: