ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کاویری پانی پر فیصلہ آبی ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہوگا: ڈی کے شیوکمار

کاویری پانی پر فیصلہ آبی ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہوگا: ڈی کے شیوکمار

Wed, 12 Aug 2026 17:20:22    S O News

بنگلورو، 12/ اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ تمل ناڈو کو 12,000 کیوسک کاویری پانی چھوڑنے سے متعلق کاویری واٹر ریگولیشن کمیٹی کے حکم پر ریاست میں پانی کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے منگل کو ودھان سودھا میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے آبی وسائل اور کسانوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی اس معاملے میں آگے بڑھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں آبپاشی کے وزیر کے ساتھ پہلے ہی تبادلہ خیال کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی پابندی کرنا ضروری ہے، لیکن اس کے ساتھ کسانوں کے مفادات کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دونوں پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی ندیوں میں آنے والے پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ مقامی سطح پر کسانوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے فصلوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جانا چاہئے۔ صرف کاویری ہی نہیں بلکہ تنگبھدرا اور المٹی سمیت تمام بڑے آبی ذخائر میں موجود پانی کی مقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی کاشت کے بارے میں فیصلے کیے جانے چاہئیں۔

کسانوں کی جانب سے احتجاج کے امکان سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ وہ معاملات میں شفاف انداز اختیار کررہے ہیں اور سیاسی مقاصد یا میڈیا میں بیانات دینے والوں کو مدنظر رکھ کر فیصلے نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پانی روک کر رکھنے کا اختیار نہیں ہے۔ عوام کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ حکومت کسانوں کے ساتھ ہے اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام نے حکومت کو کسانوں کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی ہے اور کسی بھی وجہ سے کسی کسان کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ اگر سبھی تحمل اور صبر سے کام لیں تو تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قدرت بھی ریاست کا ساتھ دے گی۔

بدھ کو طلب کیے گئے وزراء کے اجلاس سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وزراء اور پارٹی کے 15 قائدین کے ساتھ سیاسی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس میں رہنمائی فراہم کرنے کے علاوہ پارٹی کے آئندہ پروگراموں اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو کابینہ کا اجلاس بھی مقرر ہے۔


Share: