کاروار، 21 / جنوری (ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع میں ایک مدت سے جو ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اب وہ پورا ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے چیف سیکریٹری کو مراسلہ بھیجا ہے اور ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کے قیام کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
اس پیش رفت کے پس منظر میں کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ بجٹ سیشن کے دوران ہاسپٹل کے قیام کا باضابطہ اعلان یقینی ہے ۔ خیال رہے کہ کچھ دنوں قبل انکولہ - کاروار حلقے کے رکن اسمبلی ستیش سئیل نے اعلان کیا تھا کہ اگر اتر کنڑا میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے کے سلسلے میں پہل نہیں ہوگی تو پھر وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں گے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ستیش سئیل کے اس بیان سے برسراقتدار کانگریس پارٹی کے حلقوں میں ہلچل تیز ہوئی تھی ۔ جس کے بعد اب حکومت نے اس ضمن میں اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امید کی جاتی ہے کہ حکومت کے اس فیصلے کے تحت ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم ہونے کے بعد عوام کو ضلع کے اندر ہی بہتر اور اعلیٰ علاج و معالجے کی سہولت دستیاب ہوگی ۔ حادثات میں شدید زخمی ہونے والوں اور مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں دیگر اضلاع کے اسپتالوں میں منتقل کرنے کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا ۔
کاروار یا کمٹہ میں ؟:ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کاروار میں قائم ہوگا یا انکولہ میں قائم ہوگا اس بارے میں ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ متعلقہ محکمہ کے افسران کی طرف سے ممکنہ مقامات کا جائزہ لینے اور اپنی رپورٹ داخل کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کیے جانے کی بات معلوم ہوئی ہے ۔ خیال رہے کہ سابقہ بی جے پی حکومت کے دوران کمٹہ میں اسپتال کے لئے جگہ کی نشاندہی کی جا چکی ہے ۔ جبکہ کاروار میں موجود ڈسٹرکٹ اسپتال کے علاقے میں بھی ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے کی گنجائش ہے ۔