وجئے پور ، 11 / جولائی (ایس او نیوز) بسونا باگے گوڑا تعلقہ کے منگولی کے قریب نیشنل ہائی وے 50 پر ایک کار بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک ماں اور اس کے دو بیٹوں کی موت واقع ہوگئی ۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ستیہ وینی (38 سال)، ہری وینکٹ رام (20 سال) اور جشونت (18 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ جبکہ باپ راگھویندرا (41 سال) شدید زخمی ہوا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ کوپّل ضلع کے کارٹگی سے ایک خاندان کے چار افراد شیرڈی جانے کے لئے کار میں سفر کر رہے تھے، اور راگھویندرا کا بیٹا ہری وینکٹ رام کار چلا رہا تھا ۔ اس دوران کار حادثے کا شکار ہوگئی اور تین افراد کی زندگی کا سفر ختم ہوگیا ۔
سمجھا جاتا ہے کہ ڈرائیونگ کر رہے ہری وینکٹ رام پر نیند کے غلبے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ ڈیوائڈر سے ٹکرانے کی وجہ سے کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوا ہے ۔
منگولی پولیس اسٹیشن کے عملے نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا اور زخمی شخص کو علاج کے لئے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ۔