منگلورو 30 / مئی (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق جمعہ کے دن سے ساحلی اضلاع میں بارش کی شدت عارضی طور پر کم ہونے کا امکان ہے ۔ جبکہ 4 جون کے آس پاس جنوب مغربی مانسون ریاست میں داخل ہونے کی امید ہے ۔
ساحلی اضلاع میں اس وقت درجہ حرارت بلندی پر ہے ۔ جنوبی کنڑ اور اڈپی اضلاع میں اوسط درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری اور 36 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سے 27 ڈگری سیلسیس کے ارد گرد چل رہا ہے ۔ ہوا میں نمی کی سطح زیادہ ہونے کے باعث لوگوں کو شدید گرمی اور پریشانی کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال پر بننے والے کم دباؤ کی گردش اس وقت کمزور پڑ رہی ہے ۔ یہاں تک کہ اگر مانسون کی ہوائیں 4 جون کو ریاست میں داخل ہوتی ہیں، تب بھی ابتدائی مرحلے کے دوران دباو کمزور رہنے کا امکان ہے ۔
تاہم محکمہ موسمیات نے ساحلی باشندوں کے لیے ایک اور اہم اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صومالی جیٹ سٹریم کے مضبوط ہونے کی وجہ سے جون کے دوسرے ہفتے کے دوران بحیرہ عرب سے ساحلی کرناٹک کی طرف تیز مغربی ہوائیں چلنے کی توقع ہے ۔ جس کے نتیجے میں جون کے دوسرے ہفتے سے ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا قوی امکان ہے ۔
صومالی جیٹ سٹریم کے اثر و رسوخ کے ساتھ ساتھ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال کے اوپر ماحولیاتی گردش میں تبدیلی کی وجہ سے سمندر کے اوپر ہواؤں کی رفتار بڑھنے کا امکان ہے ۔
جون کے پہلے ہفتے میں مانسون کے متوقع آغاز کے ساتھ ہی سمندری لہریں بھی تیز ہونے کی گنجائش ہے ۔
گہرے سمندر میں ماہی گیری کرنے والے ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سمندر کی طرف جانے سے پہلے محکمہ موسمیات کی تنبیہ اور الرٹ پر سختی سے عمل کریں اور ہوا کے مقامی حالات پر نظر رکھیں ۔