ممبئی ، 4/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)محکمۂ موسمیات نے سنیچر کو ممبئی سمیت کوکن اور دیگر کئی علاقوں سے مانسون کے اختتام کا اعلان کردیا ہے۔ ممبئی میں عام طور پر ۸؍ اکتوبر کو بارش ختم ہوتی ہے اور تقریباً دو دہائیوں میں پہلی مرتبہ اس سال جلد مانسون ختم ہوا ہے۔ سنیچر کو صبح تک ممبئی کی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر ۹۵ء۸۴؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جو گزشتہ ۲؍ برسوں کے مقابلے تقریباً ۳؍ اور ۴؍ فیصد کم ہے اور پانی سپلائی میں جو ۱۰؍ فیصد کٹوتی شروع کی گئی ہے اسے جاری رکھنے یا ختم کرنے کا حتمی فیصلہ اب تک التواء میں ہے۔
ماضی میں اس سے بھی قبل جو آخری مرتبہ مانسون جلد ختم ہوا تھا وہ ۳۰؍ ستمبر ۲۰۰۲ء کا دن تھا۔ اس کے علاوہ ۱۹۹۷ء میں بھی ممبئی میں ۳؍ اکتوبر کو مانسون کے اختتام کا اعلان کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال ممبئی شہر میں ۷؍ فیصد کم جبکہ مضافات میں ۹؍ فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر میں عام طور پر ۲۰۹۴ء۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی ہے جبکہ اس سال ۱۹۵۷ء۱؍ ایم ایم بارش ہوئی۔ اس کے مقابلے مضافات میں ۲۵۳۰ء۵؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ یہاں ۲۳۱۸ء۸؍ ایم ایم بارش ہوتی ہے۔ اس اعداد و شمار کے حساب سے ممبئی میں معمول کے مطابق جبکہ پالگھر میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ممبئی میں مانسون کے آخری دن ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر ۹۵ء۸۴؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔ گزشتہ برس اس تاریخ کو ان جھیلوں میں ۹۸ء۹۵؍ اور ۲۰۲۴ء میں ۹۹ء۵۲؍ فیصد پانی موجود تھا۔ ۳؍ اکتوبر کو ممبئی کو سب سے زیادہ پانی سپلائی کرنے والی اَپر ویترنا جھیل میں ۹۶ء۵۰؍ فیصد، مودک ساگر میں ۷۶ء۹۱، تانسا ۹۴ء۳۱، مڈل ویترنا ۹۹ء۵۳، رقبہ کے اعتبار سے سب سے بڑی بھاتسا جھیل میں ۹۸ء۱۳؍ اور چھوٹی تُلسی جھیل میں ۹۸ء۳۳؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔ صرف چھوٹی ویہار لیک ۱۰۰؍ فیصد بھری ہوئی تھی۔ جھیلوں میں دستیاب اور ریاستی حکومت کے حصہ سے ملنے والے پانی کا جائزہ لینے کے بعد بی ایم سی پانی کٹوتی کے تعلق سے حتمی فیصلہ کرے گی۔
اس سال ممبئی واسیوں کیلئے پانی کا بہت بڑا مسئلہ جولائی کی محض ایک مہینے کی بارش سے حل ہوگیا ہے۔ اس سال اگست میں گزشتہ ایک دہائی میں تیسری مرتبہ سب سے کم بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس پورے مہینے کی بارش کے بعد ۳۰؍ اگست ۲۰۲۶ء کے دن ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں مجموعی طور پر محض ۶ء۷۵؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوسکا تھا جبکہ ۲۰۲۵ء میں اس تاریخ کو ان جھیلوں میں ۴۰ء۲۲؍ فیصد اور ۲۰۲۴ء میں ۵ء۴۶؍ فیصد پانی موجود تھا۔ اس سال جھیلوں میں سب سے زیادہ مقدار میں پانی جولائی کی بارش سے جمع ہوسکا ہے۔ ۳۱؍ جولائی کو ان جھیلوں میں پانی کی سطح ۸۸ء۵۸؍ فیصد پہنچ گئی تھی یعنی اس مہینے میں جھیلوں میں ۸۱ء۸۳؍ فیصد پانی جمع ہوگیا۔ اس کے بعد پورے اگست میں محض ۷ء۳۲؍ فیصد اضافے کے ساتھ۳۱؍ اگست کو جھیلوں میں پانی کی سطح ۹۵ء۹۰؍ فیصد پہنچ گئی۔ ستمبر کے پورے مہینے میں جھیلوں میں پانی کی سطح میں محض ۰ء۴۷؍ فیصد کا اضافہ ہوسکا اور پانی کی سطح ۹۶ء۳۷؍ فیصد پہنچی۔ محکمہ موسمیات نے ۳؍ اکتوبر کو مانسون ختم ہونے کا اعلان کردیا اور اس دن جھیلوں میں ۹۵ء۸۴؍ فیصد پانی جمع تھا۔ اگر جولائی میں اچھی بارش نہ ہوئی ہوتی تو شاید پانی کی قلت کے سبب ممبئی خالی کرنے کی نوبت آجاتی۔