ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، دہلی میں مانسون کی آمد کا انتظار، 9 ریاستوں میں الرٹ جاری

ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، دہلی میں مانسون کی آمد کا انتظار، 9 ریاستوں میں الرٹ جاری

Wed, 25 Jun 2025 12:55:21    S O News

نئی دہلی، 25 جون (ایس او نیوز / ایجنسی)مانسون نے تیزی کے ساتھ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، صرف مغربی اور شمالی ہند کے چند حصے اب بھی اس سے محروم ہیں۔ بہار، اترپردیش، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ اور دیگر ریاستوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے لیے 9 ریاستوں میں بارش کا اورینج الرٹ جاری کیا ہے، جب کہ باقی تمام ریاستوں کے لیے یلو الرٹ نافذ کیا گیا ہے تاکہ عوام احتیاط برتیں۔

محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر، اترا کھنڈ، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، اوڈیشہ میں شدید بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں گجرات، مہاراشٹر اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔

قومی راجدھانی دہلی کی بات کی جائے تو یہاں 24 جون کو مانسون کے داخل ہونے کی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی غلط ثابت ہوئی ہے۔ ویسے اب کسی بھی لمحہ دہلی میں موسم کا مزاج بدل سکتا ہے۔ این سی آر کو تین طرف سے مانسون نے گھیر لیا ہے۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مشرقی گجرات اور راجستھان کے بڑے حصوں میں شدید بارش کے اشارے مل رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے کچھ گھنٹوں کے دوران دہلی میں بھی مانسون کی بارش شروع ہو سکتی ہے۔

وہیں اتر پردیش کے زیادہ تر حصے میں مانسون کی آمد ہو چکی ہے۔ آج محکمہ موسمیات نے 14 ضلعوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق سہارنپور، بجنور، مراد آباد اور رام پور میں زوردار بارش ہونے کے آثار ہیں۔ مظفر نگر، باغپت، شاملی، میرٹھ، بریلی، امروہا، پیلی بھیت، للت پور، جھانسی، جالون میں بھی تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ ہردوئی، فرخ آباد، قنوج، کانپور، لکھیم پور کھیری، سیتا پور، بہرائچ، بلرام پور، گونڈا، بستی، شراوستی، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر اور کشی نگر میں گرج-چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں بارش کا دور جاری رہنے والا ہے۔ یہاں بارش کے ساتھ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ اس کے اثر سے درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ آنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف راجستھان میں جمعرات سے مانسون کی فعالیت بڑھ سکتی ہے۔


Share: