منگلورو 10/جون (ایس او نیوز) : ضلع جنوبی کینرا یا دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر مُلّئی مُہیلن نے تمام دیہی پنچایتوں اور شہری بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی حدود میں اُن مقامات کی نشاندہی کریں جہاں قدرتی آفات جیسے زمین کھسکنے یا یا سیلاب کا خطرہ ہو، ڈپٹی کمشنر نے اس تعلق سے اگلے دو دنوں میں اس کی رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔
مینگلور ڈی سی دفتر میں منگل کو ضلعی آفات مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ملئی مہیلن نے کہا کہ شدید بارش کے سبب مٹی کے تودے گرنے، پانی جمع ہونے یا دیگر حادثات کے امکانات والے علاقوں کو پہلے ہی نشان زد کرنا ضروری ہے تاکہ ریڈ الرٹ کے دوران وہاں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے مقامی حکام کو ہدایت دی کہ وہ خطرے والے علاقوں کے مکینوں کو پیشگی اطلاع دیں۔ اگر کسی ممکنہ خطرے والے مقام کو نشان زد کیے بغیر حادثہ پیش آیا، تو اس کی ذمہ داری متعلقہ مقامی ادارے کے افسران پر عائد ہوگی۔
ڈی سی نے زور دیا کہ ہر گرام پنچایت اور شہری وارڈ سطح پر ایک مؤثر آفات سے نمٹنے کا منصوبہ تیار کیا جائے، جس کی نگرانی تحصیلدار اور تعلقہ پنچایت افسران کریں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خاص طور پر رہائشی علاقوں اور مکانات میں رہنے والے عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانا ضروری ہے۔ اس کے لیے مقامی ادارے اپنی حدود کے تمام علاقوں کا معائنہ کریں اور خطرے کی مکمل جانچ کے بعد آفات مینجمنٹ منصوبہ مرتب کریں۔
ڈی سی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام میں پہاڑ کاٹ کر مکانات تعمیر کرنے کے خطرات سے متعلق بیداری پیدا کی جائے، اور قدرتی آبی بہاؤ میں مداخلت سے باز رہنے کی تلقین کی جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ ہر اسکول اور انگن واڑی عمارتوں کے تعلق سے متعلقہ ہیڈ ماسٹر سے رپورٹ حاصل کی جائے اور اس کا مکمل جائزہ لیاجائے۔
انہوں نے کتیّکل نیشنل ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کو روکنے کے کام میں تاخیر پر گہری ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران نے جواب دیا کہ اس کام کو مرکز سے منظوری مل گئی ہے اور جلد ہی کام شروع کیا جائے گا۔
منگلورو ایئرپورٹ کے آس پاس کے رہائشی علاقوں میں ایئرپورٹ سے بارش کا پانی بہہ کر مسائل پیدا کر رہا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انہوں نے ایک سال قبل ہی کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی ، انہوں نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ ہدایت دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے ایئرپورٹ کے افسران کو ہدایت دی کہ کل (بدھ) دوپہر تک اس تعلق سے کئے گئے اقدامات اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے۔ بصورت دیگر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر آنند نے کہا کہ قدرتی آفات کے بعد متاثرین کو منتقل کرنے کے بجائے، ریڈ الرٹ کے دوران ہی ممکنہ خطرے والے علاقوں کے شہریوں کو امدادی مراکز میں منتقل کیا جانا چاہیے۔ ایسے مقامات پر گھروں کو نوٹس دیا جانا چاہیے۔
میٹنگ میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ارون کے، ڈپٹی کنزرویٹر آف فوریسٹ انتھونی مریپا، ڈپٹی کمشنر آف پولیس سدھارتھ گوئل اور دیگر موجود تھے۔