ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو پولیس کمشنراور دکشن کنڑا ایس پی کا تبادلہ؛ سدھیر کمار ریڈی نئے پولیس کمشنر مقرر، ڈاکٹر ارون بنے دکشن کنڑا کے نئے ایس پی

منگلورو پولیس کمشنراور دکشن کنڑا ایس پی کا تبادلہ؛ سدھیر کمار ریڈی نئے پولیس کمشنر مقرر، ڈاکٹر ارون بنے دکشن کنڑا کے نئے ایس پی

Fri, 30 May 2025 02:29:18    S O News
منگلورو پولیس کمشنراور دکشن کنڑا ایس پی کا تبادلہ؛ سدھیر کمار ریڈی نئے پولیس کمشنر مقرر، ڈاکٹر ارون بنے دکشن کنڑا کے نئے ایس پی

منگلورو، 29 مئی (ایس او نیوز): مینگلور کے قریب بنٹوال میں ایک مسلم نوجوان کے قتل کے بعد ضلع بھر میں پیدا شدہ کشیدگی اور مسلم کانگریسی قائدین کی شدید ناراضگی کو دیکھتے ہوئے، کرناٹک کی کانگریس حکومت ساحلی اضلاع میں فرقہ پرستی پر قابو پانے کے لیے سرگرم ہوگئی ہے۔ ایک طرف حکومت نے فرقہ وارانہ تشدد پر قابو پانے کے لیے خصوصی فورس تشکیل دی ہے، وہیں دوسری جانب ایک اہم انتظامی تبدیلی کے تحت منگلورو سٹی پولیس کمشنر انوپم اگروال اور ضلع جنوبی کینرا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) یتیش این کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

انٹیلیجنس ڈپارٹمنٹ میں ڈی آئی جی کے طور پر خدمات انجام دے رہے 2010 بیچ کے آئی پی ایس افسر سدھیر کمار ریڈی کو اب منگلورو کا نیا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 2014 بیچ کے آئی پی ایس افسر ڈاکٹر ارون کے، جو فی الحال اُڈپی ضلع کے ایس پی ہیں، کو جنوبی کینرا کا نیا ضلع ایس پی مقرر کیا گیا ہے۔

پولیس کمشنر انوپم اگروال کو اکنامک آفینسز سی آئی ڈی میں ڈی آئی جی کے عہدے پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ایس پی یتیش این کو تاحال کوئی نئی تعیناتی نہیں دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سدھیر کمار ریڈی آندھرا پردیش کے گنٹور کے رہنے والے ہیں اور وہ 2017-18 کے دوران جنوبی کینرا کے ایس پی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔اس سے قبل وہ اپنے پروبیشنری پریڈ میں بھٹکل میں اسسٹنٹ ایس پی کے طور پربھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔


Share: