ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کولّورمیں سڑک حادثے میں فوت ہوئی خاتون کی لاش سے زیورات کی چوری - مسروقہ مال سمیت ملزم گرفتار

کولّورمیں سڑک حادثے میں فوت ہوئی خاتون کی لاش سے زیورات کی چوری - مسروقہ مال سمیت ملزم گرفتار

Wed, 27 May 2026 14:07:57    S O News
کولّورمیں سڑک حادثے میں فوت ہوئی خاتون کی لاش سے زیورات کی چوری - مسروقہ مال سمیت ملزم گرفتار

کنداپور،27/ مئی (ایس او نیوز) کیرالہ سے تعلق رکھنے والے زائرین میں سے دو خواتین کولّور کے قریب ڈالی نامی علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے میں فوت ہوگئی تھیں ، اور ایک خاتون کے جسم پر موجود سونے کے زیورات چوری ہوگئے تھے، اس تعلق سے پولس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے  چوبیس گھنٹے کے اندر  ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے  مسروقہ زیورات بازیافت کرلیا ہے۔
    
میڈیا رپورٹ کے مطابق  بیندور تعلقہ کے ڈالی میں یہ حادثہ 17 مئی کو پیش آیا تھا ۔ اس کے بعد سری کمار نامی شخص نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی تھی کہ فوت ہونے والی ایک خاتون کے جسم پر موجود سونے کے زیورات حادثے کے مقام پر سے چوری ہوئے ہیں ۔ اس شکایت پر کولور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر لیا گیا تھا ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ کنداپور سب ڈیویژن کے ڈی ایس پی ایچ ڈی کلکرنی، اور بیندور سرکل پولیس انسپکٹر شیوا کمار کی قیادت میں کولور پی ایس آئی ونئے ایم کورلاہلّی اور دیگر اہلکاروں پر مبنی ٹیم نے اس معاملے کی سرعت کے ساتھ تفتیش کرتے ہوئے معاملہ درج ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر ملزم ہیمنت (40 سال) کو گرفتار کر لیا ہے ۔ 
    
پولیس کے بیان کے مطابق کیس کی تفتیش کے دوران دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج ، عوام کی طرف سے لی گئی اس حادثے کی تصاویر اور تیکنیکی شہادتوں کی بنیاد پر کلیانی گڈے کولور کے رہائشی ملزم ہیمنت کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ملزم  کے قبضے سے چرائے ہوئے جو زیورات بازیافت ہوئے ہیں ان میں 57,000 روپے مالیت کی ایک انگوٹھی، 50,000 روپے مالیت کی ایک چوڑی اور 1 لاکھ روپے مالیت کی ایک سونے کی چین شامل ہے ۔
    
گرفتاری کے بعد پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔ 


Share: