ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / گنی کے دارالحکومت کوناکری میں کچرے کے ڈھیر میں حادثہ، 30 افراد ہلاک

گنی کے دارالحکومت کوناکری میں کچرے کے ڈھیر میں حادثہ، 30 افراد ہلاک

Mon, 24 Aug 2026 10:57:50    S O News

کوناکری ، 24/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)گنی کی راجدھانی کوناکری کے سب سے بڑے لینڈفل (کچرا ڈمپنگ سائٹ) پر اتوار کے روز کچرے کا ایک بڑا پہاڑ منہدم ہو گیا، جس سے کم از کم 30 لوگوں کی موت ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس میں افسران کے حوالہ سے بتایا جا رہا ہے کہ رات تقریباً 2 بجے شروع ہوئی شدید بارش کے سبب کوناکری کے سب سے بڑے لینڈفل ’دار السلام‘ میں کچرے کا ڈھیر بہہ گیا اور لینڈسلائیڈنگ دیکھنے کو ملی، جس سے قریب کی جھگیاں ملبہ میں دب گئیں۔ زندہ بچے لوگوں کی تلاش کے لیے بچاؤ مہم فوراً شروع کر دی گئی۔ سنگین طور پر زخمی 6 لوگوں کو فوراً اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

فوجی انجینئرنگ بٹالین کے صفائی افسر لیفٹیننٹ کرنل بالڈے مامادو بائیلو کے مطابق شہر کے اس سب سے بڑے کھلے کچرا ڈمپنگ سائٹ کو اتوار کے روز بند کیا جانا تھا۔ افسران کا کہنا ہے کہ لینڈفل کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو وہاں سے ہٹنے کا نوٹس دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کئی لوگ علاقہ چھوڑ کر چلے گئے تھے، ورنہ حادثہ مزید خوفناک ہوتا۔ جب یہ حادثہ پیش آیا تو لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی، جس کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ کم از کم 22 افراد اس حادثہ میں زخمی بھی بتائے جا رہے ہیں۔

مقامی انتظامیہ اور وزیر ڈینابو ٹورے نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ متاثرہ کنبوں کو دوسری جگہ بسایا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ گنی معدنیات سے مالا مال ملک ہے، جہاں باکسائٹ کا زبردست ذخیرہ ہے۔ یہ ذخیرہ دنیا میں سب سے بڑا ہے اور یہاں آئرن، سونا، ہیرا اور دیگر معدنیات بھی پائے جاتے ہیں۔ حالانکہ عالمی بینک کے مطابق یہاں کی 43.7 فیصد آبادی قومی خط افلاس سے نیچے کی زندگی گزارتی ہے۔


Share: