کولکاتہ 27/نومبر (ایس او نیوز/پریس ریلیز): دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور میں معروف عالمِ دین مفتی جمیل الرحمٰن، امام و خطیب مسجد بیت المعمور، چھاتو بابو لین کے چھوٹے صاحبزادے عزیزم محمد سلمہ کی تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کے بابرکت موقع پر ایک پُروقار دعائیہ نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں کولکاتا کے متعدد ائمہ، علماء اور دانشوران نے شرکت کرکے طالب علم اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر مسجد بیت المعمور کے ممبر جناب شاہد نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں مفتی صاحب کے بڑے صاحبزادے حافظ حذیفہ جمیل نے بھی اسی ادارے سے محض ایک سال کی قلیل مدت میں حفظِ قرآن مکمل کیا تھا۔ دورانِ تراویح ان کی مضبوط یادداشت، تجوید و مخارج کی درست ادائیگی اور خوبصورت لہجے نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا تھا۔
اس موقع پر مدنی مسجد، پارک سرکس کے امام مفتی خادم الاسلام قاسمی نے حافظ محمد سمیت کئی طلبہ سے قرآنِ کریم کے مختلف مقامات سے سوالات کیے۔ طلبہ نے بہترین یادداشت، حروفِ قرآنیہ کی درست ادائیگی اور بھرپور اعتماد کے ساتھ آیاتِ قرآنیہ کی تلاوت پیش کی۔
نشست کے اختتام پر تانتی بگان بیل مسجد کے امام مفتی کلیم اللہ قاسمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی کم مدت میں حفظِ قرآن کی تکمیل دراصل اساتذۂ کرام کی مسلسل محنت، خلوص اور اجتماعی جدوجہد کا ثمرہ ہے۔
آخر میں مدرسے کے مہتمم مولانا نوشیر احمد نے تمام معزز مہمانوں کی آمد اور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ نشست کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔