ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایس آئی آر پر کھرگے کا سوال، ’کیا وی آئی پی اور عام ووٹر کے لیے الگ الگ معیار ہیں؟‘

ایس آئی آر پر کھرگے کا سوال، ’کیا وی آئی پی اور عام ووٹر کے لیے الگ الگ معیار ہیں؟‘

Mon, 21 Sep 2026 18:13:17    S O News

نئی دہلی  ، 21 /ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کے عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا ہے کہ کیا ملک میں اب وی آئی پی اور عام ووٹر کی الگ الگ کیٹیگری ہے؟ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں ہر شہری کے ووٹ کی یکساں قدر ہونی چاہیے۔

کھرگے نے ایکس پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ بہار سے شروع ہوا ایس آئی آر اب دہلی تک پہنچ چکا ہے اور شاید اب حکمرانوں کو اندازہ ہو رہا ہے کہ کانگریس اس پورے عمل کو پہلے دن سے خامیوں پر مبنی کیوں قرار دیتی رہی ہے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ایس آئی آر نہ صرف ووٹ چوری اور جمہوریت کو کمزور کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ یہ ایک ایسا ’فرینکسٹائن مونسٹر‘ بن چکا ہے جس کی زد میں اب اسی نظام سے وابستہ لوگ بھی آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی بڑے رہنماؤں، سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی، موجودہ وزیر خارجہ، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر، راجیہ سبھا کے ایک رکن، سابق مرکزی وزیر اور سابق وزیر اعلیٰ سمیت متعدد اہم شخصیات کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ کھرگے کے مطابق اس سے قبل بھارت رتن سے نوازے گئے ایک سائنس دان اور سابق بحریہ سربراہ کو بھی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

مغربی بنگال کا حوالہ دیتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ جن لوگوں کے نام ووٹر فہرست سے حذف کیے گئے اور جنہیں ووٹ دینے سے روک دیا گیا، ان میں اب تک جن معاملات پر فیصلہ ہوا ہے، ان میں 93 فیصد افراد نے اپنی اپیل جیت لی ہے۔ ان کے مطابق 113943 افراد کے نام دوبارہ ووٹر فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کس بنیاد پر ان لوگوں کا حقِ رائے دہی متاثر ہوا؟

کھرگے نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ’وی آئی پی/مارکڈ الیکٹرز‘ سے متعلق پریس ریلیز پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا ہندوستان کے یونیورسل ایڈلٹ فرنچائز میں اب ووٹروں کی کوئی خصوصی کیٹیگری ہے؟ کیا وی آئی پی ووٹر اور عام ووٹر الگ الگ ہیں؟

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ’ون پرسن، ون ووٹ، ون ویلیو‘ کا اصول موجود ہے اور سوال اٹھایا کہ کیا اب وی آئی پی ووٹ زیادہ قیمتی ہو گیا ہے۔ کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی آر کے پہلے تین مراحل میں 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 13.8 کروڑ ووٹر فہرست سے باہر ہوئے، جو ان کے مطابق مجموعی 94.78 کروڑ ووٹروں کا تقریباً 14.61 فیصد ہے۔


Share: