ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کھرگے کا گیانیش کمار سے استعفیٰ کا پھر مطالبہ، ’ایس آئی آر رد اور بیلٹ پیپر سے انتخابات کرائے جائیں‘

کھرگے کا گیانیش کمار سے استعفیٰ کا پھر مطالبہ، ’ایس آئی آر رد اور بیلٹ پیپر سے انتخابات کرائے جائیں‘

Mon, 05 Oct 2026 18:10:12    S O News

نئی دہلی ، 5/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آج ایک بار پھر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا پُرزور مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ مطالبہ ناقابل سمجھوتہ ہے، یعنی اس معاملہ میں کوئی بھی نرمی وہ اختیار نہیں کرنے والے۔

دراصل کانگریس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ایس آئی آر کے خلاف زبردست مہم چھیڑ رکھی ہے۔ اس معاملہ میں گزشتہ دنوں انڈیا بلاک کی میٹنگ بھی ہوئی تھی، جس میں سبھی پارٹیوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آواز اٹھانے کا عزم کیا۔ کانگریس صدر کھڑگے نے اسی تعلق سے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ جاری کر گیانیش کمار کے استعفیٰ سمیت 3 مطالبات سامنے رکھے ہیں۔ یہ تینوں مطالبات کانگریس نے پہلے بھی کیے تھے، جس پر وہ اب بھی قائم ہے۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ملکارجن کھرگے نے لکھا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی کے 3  مطالبات ناقابل سمجھوتہ ہیں... پہلا گیانیش کمار کا استعفیٰ، دوسرا ایس آئی آر کو رَد کرنا، تیسرا بیلٹ پیپر پر انتخاب کرانا۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’ملک بھر میں کانگریس کارکنان اور انڈیا بلاک کے ساتھی ان 3 ایشوز کو لے کر سڑکوں پر ہیں۔ جو بھی سول سوسائٹی ممبرز و یوتھ آرگنائزیشنز ان ایشوز پر ملک میں جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس صدر نے دہلی میں خاتون صحافیوں کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی معاملہ پر اپنی شدید ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔ انھوں نے برسراقتدار بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بی جے پی نے دہلی میں خاتون صحافیوں کا استحصال کیا، وہ بے حد قابل مذمت ہے۔‘‘ تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’تاناشاہ بہت گھبرایا ہوا ہے، توجہ بھٹکانے کے مزید ایک باب کے لیے تیار رہیے۔‘‘


Share: