ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کا مقصد، وزیر یو ٹی قادر

مینگلور: عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کا مقصد، وزیر یو ٹی قادر

Sat, 17 Oct 2026 18:14:09    S O News
مینگلور: عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کا مقصد، وزیر یو ٹی قادر

منگلورو، 17/ اکتوبر (ایس او نیوز) کرناٹک حکومت نے عوامی مسائل کو سمجھنے، ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے اور مختلف سرکاری محکموں کی خدمات کو عام لوگوں تک پہنچانے کے مقصد سے ’پرجا سیوا‘ پروگرام شروع کیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے انچارج ضلع دکشن کنڑا یو ٹی قادر نے کہا کہ انتظامیہ اور حکومت کو عوام کے درمیان رہ کر کام کرنا چاہیے تاکہ سرکاری خدمات سے لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔

 کوناجے میں واقع منگلورو یونیورسٹی میں منعقدہ ضلعی سطح کی ’پرجا سیوا آندولن‘ میٹنگ کا افتتاح کرنے  کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ کرناٹک ملک کی واحد ریاست ہے جہاں عوامی خدمات کے لیے ایک علیحدہ محکمہ قائم کیا گیا ہے اور یہ پروگرام دیگر ریاستوں اور ممالک کے لیے بھی ایک نمونہ بن سکتا ہے۔

وزیر نے کہا کہ افسران کو عوامی مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کے مناسب حل کے لیے آگے آنا چاہیے۔ جن معاملات میں ریاستی سطح پر فیصلے لینے کی ضرورت ہو، انہیں متعلقہ حکام کے علم میں لاکر ان پر عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی نظام کو فعال بنانا، عوام کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنا، مجموعی ترقی کو فروغ دینا اور حکومت کی مختلف اسکیموں کے فوائد مستحق افراد تک پہنچانا اس پروگرام کے اہم مقاصد ہیں۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بالخصوص دیہی علاقوں کے عوام کی شکایات پر توجہ دیں اور ان کے مطالبات کے حل کے لیے حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کے پل کا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر وزیر یو ٹی قادر نے عوام کی مختلف شکایات، مسائل اور مطالبات کی سماعت کی۔ ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی نے کہا کہ تعلقہ اور ہوبلی سطح پر عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً طویل عرصے سے حل طلب شکایات کے ازالے کے لیے ’پرجا سیوا آندولن‘ ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ اس کے ذریعے عوام اپنے مسائل براہ راست متعلقہ افسران کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ موصولہ شکایات کا جائزہ لے کر متعلقہ محکموں کے ساتھ تال میل کے ذریعے ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

تقریب میں کرناٹک کاجو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی صدر ممتا گٹی، ضلعی گارنٹی کمیٹی کی نائب صدر سریکھا چندرہاس، اُلال تعلقہ گارنٹی کمیٹی کے صدر رفیق، پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارون کے، منگلورو سٹی کارپوریشن کے کمشنر راہل رتنم پانڈے، منگلورو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر پی ایل دھرما، ضلع جنگلاتی افسر روی شنکر اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ منگلورو کے اسسٹنٹ کمشنر میناکشی آریہ نے استقبال کیا۔


Share: