ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ماہی گیری کے کاروبار میں اتر کنڑا تیسرے نمبر پر - اول نمبر اڈپی ، دوم دکشن کنڑا

کاروار : ماہی گیری کے کاروبار میں اتر کنڑا تیسرے نمبر پر - اول نمبر اڈپی ، دوم دکشن کنڑا

Tue, 03 Jun 2025 17:28:01    S O News

کاروار، 3 / جون (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے کاروار سے دکشن کنڑا کے منگلورو تک ایک ہی طرح کے سمندر اور گہرے پانیوں میں ماہی گیروں کی طرف سے مچھلیوں کا شکار کرنے کے باوجود اگر کاروباری نقطہ نظر سے ساحلی اضلاع کے اعداد و شمار ملاحظہ کریں ان کے بیچ بہت زیادہ فرق سامنے آتا ہے ۔ 
    
دستیاب تفصیلات کے مطابق ضلع اتر کنڑا ماہی گیری سے مچھیروں کو ہونے والی آمدنی کے اعتبار سے اڈپی اور دکشن کنڑا ضلع کے مقابلے میں تیسرے نمبر پر آتا ہے ۔ دکشن کنڑا کے بارے میں معلوم ہوا ہے وہاں کے ماہی گیروں کی آمدنی اتر کنڑا کے ماہی گیروں سے دوگنا زیادہ ہوتی ہے جبکہ اڈپی ضلع کے ماہی گیر اتر کنڑا کے مقابلے میں تین گنا زیادہ کمائی کرتے ہیں ۔ 
    
سال  2023-24 کے اعداد و شمار کے مطابق اتر کنڑا کے ماہی گیروں نے 1,13,083 میٹرک ٹن مچھلیوں کا کاروبار کیا تھا ۔ اس کے برعکس دکشن کنڑا ضلع میں 2,39,758 میٹرک ٹن اور اڈپی ضلع میں 3,73,529 میٹرک ٹن مچھلیوں کا کاروبار کیا گیا تھا ۔ 
    
اسی طرح سال 2024-25 میں اتر کنڑا ضلع میں 1,08,573 میٹرک ٹن، دکشن کنڑا میں 2,31,454 میٹرک ٹن اور اڈپی ضلع میں 2,31,454 میٹرک ٹن مچھلیوں کا کاروبار ہوا ہے ۔ 
    
اگر مجموعی طور پر سال 2023-24 اور 2024-25 کا تقابلی جائزہ لیں تو اس مرتبہ مچھلی کے کاروبار میں اتر کنڑا کے حصے میں 6510 میٹرک ٹن، دکشن کنڑا میں 67,963 میٹرک ٹن اور اڈپی ضلع میں 1,42,075 ٹن مچھلیوں کی کمی دیکھی گئی ہے ۔ 
    
اس کے اسباب کا تجزیہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اتر کنڑا ضلع میں پرشین اور ٹرالر بوٹس زیادہ پائے جاتے ہیں ۔ دکشن کنڑا اور اڈپی ضلع میں گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لئے اسٹیل بوٹس کی تعداد زیادہ ہے ۔ اڈپی اور دکشن کنڑا میں چار پانچ افراد مشترکہ سرمایہ کاری کرتے ہوئے اسٹیل فشنگ بوٹس کے ذریعے گہرے پانیوں میں ماہی گیری کرتے ہیں ۔ جبکہ اتر کنڑا ضلع میں ایسے سرمایہ کاروں کی کمی ہے ۔ منگلورو میں گہرے پانی میں مچھلیوں کا شکار کرنے والی بھاری کشتیوں کی تعداد 22 ہے ۔ پوری ریاست میں کسی اور جگہ اتنی بڑی مقدار میں ایسی کشتیاں موجود نہیں ہیں ۔ اس کے علاوہ اڈپی اور دکشن کنڑا میں ماہی گیری کی مشینی کشتیوں کی تعداد بھی زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ ان دونوں اضلاع میں روایتی انداز میں ماہی گیری کرنے والی کشتیوں کی تعداد کم ہے، جبکہ اتر کنڑا میں ایسی کشتیوں کی تعداد زیادہ ہے ۔


Share: