ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : نیٹ پیپر لیک اور قیمتوں میں اضافہ کے خلاف - یوتھ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ- ٹائر جلانے اور ایم پی کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش

کاروار : نیٹ پیپر لیک اور قیمتوں میں اضافہ کے خلاف - یوتھ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ- ٹائر جلانے اور ایم پی کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش

Sun, 17 May 2026 22:39:56    S O News
کاروار : نیٹ پیپر لیک اور قیمتوں میں اضافہ کے خلاف - یوتھ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ- ٹائر جلانے اور ایم پی کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش

کاروار، 17 / مئی (ایس او نیوز) نیٹ امتحانی پرچے لیک ہونے ، پیٹرول - ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اتر کنڑا یوتھ  کانگریس کمیٹی کی طرف سے ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس سے کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہو گئے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق شروع میں یہ احتجاج ایک علامتی شکل میں تھا لیکن جب مظاہرین نے ٹائر جلانے اور رکن پارلیمان کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی تو حالات کشیدہ ہوگئے ۔ 
    
احتجاج کے دوران مظاہرین نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 'طلبہ  کے مستقبل کے ساتھ حکومت کھلواڑ کر رہی ہے ۔ اس کی وجہ سے لاکھوں طالب علموں کا مستقبل غیر محفوظ ہوگیا ہے ۔' جب مظاہرین نے ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کی گیٹ پر چڑھ کر اندر گھسنے اور رکن پارلیمان کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی تو موقع پر موجود پولیس نے فوری طور پر مداخلت کی اور مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکا ۔ اس کے بعد مظاہرین نے ٹائروں پر پیٹرول انڈیل کر آگ لگانے کی کوشش تو پولیس نے آگے بڑھ کر ٹائر چھین لیے اور اس کوشش کو بھی ناکام بنا دیا ۔ 
    
مظاہرین نے پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر اپنی ناراضگی جتاتے ہوئے کہا کہ پانچ ریاستوں کے انتخابات کے بعد بی جے پی حکومت کا اصلی چہرا سامنے آ گیا ہے ۔ مرکزی حکومت کو عام لوگوں کی  مشکلات کا ذرا بھی احساس نہیں ہے ۔ 
    
اس موقع پر بولتے ہوئے یوتھ کانگریس کے صدر امود سرسیکر نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی طرف سے این ٹی اے ادارہ تشکیل دئے جانے کے بعد بھی امتحانات میں شفافیت نظر نہیں آ رہی ہے ۔ غریب اور کسان جیسے ماں باپ قرضہ لے کر بچوں کو کوچنگ کے لئے بھیجتے ہیں ۔ مگر امتحانی پرچے لیک ہونے جیسے واقعات سے طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچتا ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ اس کے خلاف کڑی کارروائی کرے اور مرکزی وزیر تعلیم کو چاہیے کہ وہ استعفیٰ دیں ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ اتر کنڑا کے ایک سیاحتی صنعت والا ضلع ہے ۔ کمرشیل گیس سلینڈر کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یہاں کے کاروباری حضرات بڑی دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کسانوں کے لئے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں ۔ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مسائل درپیش ہیں ۔ 
    
کاروار بلاک کانگریس صدر اروند کلگوٹکر، بابو شیخ، سورج کمار سمیت متعدد کانگریسی لیڈروں نے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کی ۔ مظاہرے میں وئیبھو نائک، یوگانند، سندیش، نکھل، تیجس کے علاوہ مختلف اسمبلی حلقوں کے یوتھ کانگریس عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی ۔ 


Share: