کاروار 7/جنوری (ایس او نیوز) مہنگی اور فضول خرچی پر مبنی شادیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر، ریاستی حکومت کے اقلیتی فلاحی محکمہ کی جانب سے سادہ اور اجتماعی شادیوں کو فروغ دینے کے لیے ’’سادہ شادی ترغیبی اسکیم‘‘ نافذ کی گئی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد معاشی طور پر کمزور اقلیتی طبقات پر شادی کے بھاری اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت مسلم، عیسائی، جین، بودھ، سکھ اور پارسی اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے معاشی طور پر پسماندہ افراد کو سادہ شادی یا اجتماعی شادی کی صورت میں مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ سرکاری ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق، غیر سرکاری تنظیموں یا ٹرسٹوں کے ذریعے منعقدہ اجتماعی شادیوں میں ہر جوڑے کو 50 ہزار روپے بطور ترغیبی رقم دی جائے گی، جبکہ اجتماعی شادی کا اہتمام کرنے والے منتظمین کو بھی فی جوڑا 5 ہزار روپے بطور انتظامی اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔
اہلیت کی شرائط کے مطابق، دلہا اور دلہن کا کرناٹک کا مستقل باشندہ ہونا لازمی ہے۔ دلہن کی عمر کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 42 سال، جبکہ دلہے کی عمر کم از کم 21 سال ہونی چاہیے۔ دونوں کی مجموعی سالانہ آمدنی 5 لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ ایک خاندان میں صرف ایک فرد زندگی میں ایک ہی مرتبہ اس اسکیم سے استفادہ کر سکتا ہے۔ اگر دلہے کی پہلے سے بیوی زندہ ہو یا دلہن کے پہلے سے شوہر موجود ہوں تو یہ اسکیم لاگو نہیں ہوگی۔
درخواست گزاروں کو شادی سے کم از کم 7 دن قبل متعلقہ ضلع کے اقلیتی فلاحی دفتر میں درخواست جمع کرانا ہوگی۔ اجتماعی شادی میں کم از کم 5 جوڑوں کی شرکت لازمی ہے۔ اگر کسی ایک کمیونٹی کے کم از کم 5 جوڑے شریک ہوں تو دیگر اقلیتی برادریوں کے کم از کم 3 جوڑے بھی اہل تصور کیے جائیں گے۔
اس اسکیم کے تحت منظور شدہ رقم براہ راست دلہن کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ مزید معلومات کے لیے اقلیتی فلاحی محکمہ کے ہیلپ لائن نمبر 8277799990 یا ضلع اقلیتی فلاحی دفتر، کاروار کے فون نمبر -220336 (08382)پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ضلع اقلیتی فلاحی افسر اشوک گڈّی گوڈر نے بتایا کہ اُترکنڑا ضلع میں اس اسکیم کے لیے درخواستوں کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے، اور اہل تمام درخواست گزار اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ساتھ ہی، اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرنے والی تنظیموں اور افراد کو بھی اس اسکیم سے استفادہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔