ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار - مڈگاوں ٹرین سروس اب مستقل ہوگی

کاروار - مڈگاوں ٹرین سروس اب مستقل ہوگی

Tue, 09 Jun 2026 12:08:30    S O News

کاروار ، 9 / جون (ایس او نیوز) کینرا رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڑے کاگیری نے ریلوے بورڈ کی طرف سے جاری حکمنامے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کاروار اور مڈگاوں کے بیچ اسپیشل ٹرین کے طور پر دوڑنے والی ریل گاڑی اب مستقل طور پر اس روٹ پر چلے گی ۔  

کاروار علاقے کے عوام اور ریلوے مسافرین بہت دنوں سے اس ٹرین کو مستقل سروس میں بدلنے کی مانگ کر رہے تھے ۔ رکن پارلیمان کاگیری نے اس ضمن وزیر برائے ریلویز سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اس مطالبے کے ساتھ یاد داشت پیش کی تھی ۔

رکن پارلیمان کے مطابق محکمہ ریلوے نے اس مطالبے کو قبول کرتے ہوئے کاروار - مڈگاوں روٹ پر اسپیشل ٹرین نمبر 01595/01596 کی سروس کو مڈگاوں - کاروار - مڈگاوں مستقل ٹرین نمبر 10109/10110 کے طور پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سروس کے ٹائم ٹیبل کے مطابق ٹرین نمبر 10110 کاروار سے روزانہ صبح 8:30 بجے روانہ ہوگی اور 9:45  صبح مڈگاوں پہنچے گی ۔ جبکہ ٹرین نمبر 10109 شام 4:30 بجے مڈگاوں سے نکلے گی اور 5:45 کو کاروار پہنچے گی ۔ ان دو اہم شہروں کے درمیان سفر کرنے والوں کی سہولت کے لئے کانکون اسٹیشن پر کمرشیل اسٹاپ دیا گیا ہے ۔ اس میں اے سی اور سلیپر کوچس کے علاوہ جنرل ڈبوں کے ساتھ جملہ 14 بوگیاں موجود ہیں ۔

رکن پارلیمان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ریلوے کی اس سروس کی وجہ سے  تجارت اور کاروبار کے علاوہ علاج و معالجہ، تعلیم، ملازمت، سیاحت وغیرہ کے مقصد سے کاروار اور گوا کے بیچ سفر کرنے والوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی ۔ اس علاقے کے عوام کو اس سروس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ 


Share: