ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں دو سال قبل چار افراد کے دلخراش قتل کے معاملے میں کاروار عدالت کا فیصلہ؛ ایک کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید

بھٹکل میں دو سال قبل چار افراد کے دلخراش قتل کے معاملے میں کاروار عدالت کا فیصلہ؛ ایک کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید

Tue, 13 May 2025 18:47:46    S O News

بھٹکل 13 مئی (ایس او نیوز)  قریب دو سال قبل  بھٹکل کے مضافاتی علاقہ ہاڈولّی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے بہیمانہ قتل کے معاملے میں کاروار کی سیشن عدالت نے منگل، 13 مئی 2025 کو اہم فیصلہ سناتے ہوئے ایک ملزم کو سزائے موت اور دوسرے کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔bhatkal-hadvalli-murder-accused

یہ اندوہناک واقعہ 24 فروری 2023 کو اس وقت پیش آیا تھا، جب شمبھو وینکٹ رمن بھٹ (65)، ان کی اہلیہ مادھوی بھٹ (58)، بیٹا رگھویندرا عرف راجیو بھٹ (40) اور بہو کوسوما رگھویندرا بھٹ (32) کو ان کے مکان میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ واردات کی ممکنہ وجہ جائیداد کا تنازعہ بتایا گیا تھا۔

پولیس نے تفتیش کے بعد مقتول خاندان کی بہو ودیا بھٹ، اُس کے بھائی ونئے بھٹ اور والد شری دھر بھٹ کو گرفتار کیا تھا، تاہم ودیا بھٹ کو تقریباً ایک ماہ بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

عدالت نے تمام شواہد اور تفصیلی سماعت کے بعد 2 مئی کو ونئے بھٹ اور اُس کے والد شری دھر بھٹ کو مجرم قرار دیا، تاہم سزا  سنانے کا  فیصلہ 13 مئی یعنی آج کے لئے محفوظ رکھا تھا، البتہ عدالت نے ودیا بھٹ کو اُسی دن   تمام الزامات سے بری کر دیا  تھا۔

آج منگل کو سنائے گئے فیصلے میں عدالت نے ونئے بھٹ کو سزائے موت جبکہ اُس کے والد شری دھر بھٹ کو عمر قید کے ساتھ دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ قتل کی اس سنگین واردات کے بعد اُس وقت کے اُترکنڑا کے ایس پی وشنو وردھن اور ایڈیشنل ایس پی مسٹر سی ٹی جئے کمار کی قیادت میں بھٹکل مضافاتی پولیس انسپکٹر چندن  گوپال اور ان کی ٹیم نے چھان بین کی تھی اور عدالت میں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے اس کیس میں مجموعی طور پر 71 گواہ پیش کیے گئے تھے۔

Click here for report in English


Share: