ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ریشیل خودکشی معاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ - عیسائی برادری نے کیا احتجاجی مظاہرہ

کاروار : ریشیل خودکشی معاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ - عیسائی برادری نے کیا احتجاجی مظاہرہ

Wed, 21 Jan 2026 17:35:03    S O News
کاروار : ریشیل خودکشی معاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ - عیسائی برادری نے کیا احتجاجی مظاہرہ

کاروار ،21 / جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے کدرا گرام پنچایت علاقے میں ریشیل ڈی کوستا نامی نوجوان لڑکی کی خود کشی معاملےکی تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کرتے ہوئے کاروار کیتھولک خواتین کمیشن کی قیادت میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
    
شہر کے مترا سماج میدان سے ریلی نکالی گئی جس میں کدرا کے علاوہ آس پاس کے علاقوں سے عیسائی برادری کے ساتھ دیگرعوام نے بھی شرکت کی ۔  شہر کے مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر تک پہنچ کر ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی ۔
    
مظاہرے میں شامل ریشیل کے گھر والوں کا الزام لگایا کہ 9 جنوری کو ریشیل ڈی کوستا نے اپنے گھر کے اندر خودکشی کی ہے اس کے لئے چراغ نامی نوجوان ذمہ دار ہے ۔ اس ضمن میں 9 جنوری کو کدرا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ لیکن اتنے دن گزر جانے کے بعد بھی ملزم کو تلاش اور گرفتار کرنے میں پولیس ناکام ہے ۔ انہوں نے دھیمی رفتار سے ہو رہی تفتیش پر بھی بے اطمینانی کا اظہار کیا ۔
    
کدرا پی ایس آئی کو معطل کرنے کیے جانے کے بعد اس معاملے کی تفتیش غیر جانب دارانہ انداز میں ہونے کی توقع اور کدرا پولیس  پر اعتماد نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے ریشیل کے والدین نے ریاستی وزیر داخلہ سے مطالبہ کے لئے اس معاملے کی صاف و شفاف تفتیش کے لئے خصوصی جانچ ٹیم تشکیل دی جائے یا پھر کسی دوسرے فرض شناس پولیس آفیسر کی قیادت جانچ کرنے والی ٹیم تشکیل دی جائے ۔  
    
انکولہ - کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل نے احتجاجی مظاہرے کے مقام پر پہنچ کر متاثرہ خاندان کے ساتھ اپنی ہمدردی اور ان کے مطالبات کی حمایت کا اظہار کیا ۔ اس معاملے کی تفتیش میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہونے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ریشیل کے گھر والوں کے مطالبے پر لاش کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت ملنے کی بات بھی بتا دی ۔ 
    
ستیش سئیل نے یہ بھی کہا کہ اس سے پہلے جو پوسٹ مارٹم رپورٹ دی گئی تھی اس میں موجود خامیوں کے تعلق سے انہیں تفصیل معلوم ہوئی ہے اس ضمن میں متعلقہ ڈاکٹروں کو تنبیہ کی گئی ہے ۔ پولیس نے چار ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور مکمل تفتیش کرتے ہوئے فوت شدہ لڑکی کے ساتھ انصاف  کو یقینی بنایا جائے گا ۔ 
    
احتجاجی مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر پریا لکشمی کے توسط سے ریاستی وزیر داخلہ کے نام اپنا میمورنڈم پیش کیا ۔ اس موقع پر ضلع ایس پی دیپن ایم این کے علاوہ عیسائی کیتھولک برادری کے اہم لیڈران اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ احتیاطی اقدام کے طور پر پولیس کا مناسب بندوبست کیا گیا تھا ۔

دوبارہ پوسٹ مارٹم :فوت شدہ لڑکی ریشیل کی ماں رینا ڈی کوستا کا الزام تھا کہ ریشیل کی لاش پر دانتوں سے کاٹنے کے نشان موجود تھے جس سے شک ہوتا ہے کہ اسے جسمانی اذیت دیتے ہوئے جنسی ہراسانی کی گئی تھی ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی بہت ساری کوتاہیاں نظر آتی ہیں ۔ اس کے علاوہ پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے محسوس ہوتا ہے کہ تفتیش کا رخ بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ان الزامات کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی گئی ہدایت کے مطابق منگلورو اور ہبلی کے ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے ۔


Share: