ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو فروخت پر پابندی کا سختی سے نفاذ کرنے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

کاروار: تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو فروخت پر پابندی کا سختی سے نفاذ کرنے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

Wed, 03 Jun 2026 19:06:46    S O News
کاروار: تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو فروخت پر پابندی کا سختی سے نفاذ  کرنے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

کاروار، 3 جون (ایس او نیوز) : ضلع کے تعلیمی اداروں کے اطراف 100 گز کے دائرے میں تمباکو مصنوعات کی فروخت روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں اور کوٹپا (COTPA) قانون کی تمام دفعات پر لازمی طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا نے بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ضلعی تمباکو کنٹرول سیل کی ضلعی سطحی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

انہوں نے محکمہ تعلیم اور پری یونیورسٹی تعلیم کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی اداروں کے اطراف 100 گز کے اندر تمباکو فروخت کے معاملات کی جانچ کرکے رپورٹ پیش کریں۔ اگر تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والی دکانیں پائی جائیں تو انہیں فوری طور پر وہاں سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے احاطے میں تمباکو کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے تمباکو سے پاک اسکولوں اور کالجوں کے اعلان کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوٹپا قانون کی خلاف ورزیوں کے خلاف ضلع بھر میں مزید چھاپہ مار  کارروائیاں کی جائیں اور تمباکو مصنوعات کے مینوفیکچررز، فروخت کنندگان اور تاجروں کی جانب سے قانون کی پابندی کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے شہری بلدیاتی اداروں کے حدود میں تمباکو مصنوعات کی فروخت کے لیے علیحدہ لائسنس کے بارے میں تاجروں میں بیداری پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ہر تعلقہ سے دو دیہات منتخب کرتے ہوئے تمباکو سے پاک گاؤں پروگرام شروع کیا گیا تھا، جن میں سے آٹھ دیہات کو تمباکو سے پاک قرار دیا جا چکا ہے جبکہ باقی 16 دیہات کو جلد اس زمرے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تمام سرکاری دفاتر کو بھی تمباکو سے پاک دفتر قرار دینے کے لیے متعلقہ رہنما خطوط پر عمل درآمد اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں ضلعی سرویلنس افسر (انچارج) ڈاکٹر رمیش راؤ نے بتایا کہ اپریل 2025 سے مارچ 2026 تک کوٹپا قانون کے تحت ضلع بھر میں کی گئی کارروائیوں میں 952 مقدمات درج کیے گئے اور مجموعی طور پر 1.36 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔ اس دوران 252 معلوماتی پروگرام، 135 گروپ مباحثے اور اسکولوں و کالجوں میں 104 بیداری پروگرام منعقد کیے گئے۔

اجلاس میں محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر شیو پرساد گاؤنکر، پری یونیورسٹی تعلیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر ستیش نائک، ریاستی تمباکو کنٹرول سیل کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر مہانتیش اولّاگیڈی سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔


Share: