ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور میں قائم ہوگی ملک کی ساتویں اور کرناٹک کی پہلی سمندری پناہ گاہ

ہوناور میں قائم ہوگی ملک کی ساتویں اور کرناٹک کی پہلی سمندری پناہ گاہ

Sat, 17 May 2025 17:37:12    S O News
ہوناور میں قائم ہوگی ملک کی ساتویں اور کرناٹک کی پہلی سمندری پناہ گاہ

ہوناور ،17/ مئی (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے منکی سے (اپسراکونڈا) سے موگلی اور مڈیاوارے تک 6 کلومیٹر کے احاطے میں  پھیلے ہوئے ساحلی اور سمندری علاقے کو ملک کی ساتویں اور کرناٹک کی پہلی سمندری پناہ گاہ (میرین سینکچوری) قرار دیا جائے گا ۔

ہوناور کی ساحلی پٹی اپنے منفرد اور قدرتی سمندری ماحولیاتی نظام کے لیے جانی جاتی ہے، جس کی وجہ سے یہ علاقہ ایسی پناہ گاہ کے لیے موزوں مقام ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع  کے مطابق وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے کی قیادت میں ریاستی وائلڈ لائف بورڈ نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے اور فی الحال حتمی منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے ہے ۔

مجوزہ میرین سینکچوری کل 5,960 ہیکٹر علاقے پر محیط ہوگی، جس میں 835.02 ہیکٹر سمندری رقبہ اور 835 ہیکٹر زمینی حصہ شامل ہے ۔ اس خطے میں 5,400 ہیکٹر مینگروو (ساحلی علاقوں کے دلدلی حصے میں اگنے والی جھاڑیاں) کے جنگلات شامل ہیں، جو حیاتیاتی تنوع سے مالا مال ہیں اور کئی خطرے سے دوچار اور ماحولیاتی لحاظ سے اہم حیاتیاتی انواع کا ٹھکانہ ہے ۔

یہ پناہ گاہ ہمپ بیک وہیل، اسپاٹ لائٹ شارک، جیسے آبی جانداروں، انڈے دینے والے اولیو ریڈلی کچھوؤں اور سمندری پرندوں کی 80 سے زیادہ اقسام کو رہائش فراہم کرے گی ۔ اس علاقے میں نیترانی جزیرے کے قریب 14 قسم کے مرجان کی چٹانیں، فائٹوپلانکٹن کی 50 سے زیادہ اقسام، زوپلانکٹن کی 100 سے زیادہ اقسام، سمندری گھاس کی 2 اقسام اور سمندری کائی کی 100 سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہیں ۔

اس منصوبے کی تجویز اصل میں بی ایس یدیورپا کے چیف منسٹر کے دور میں پیش کی گئی تھی، جب ریاستی بجٹ میں اس کام کو آگے بڑھانے کے لیے 1 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔ تاہم، کوویڈ 19 کی وبا پھیلنے کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔

ہوناور میں فاریسٹ آفیسر کی حیثیت سے اپنی تعیناتی کے دوران  کرشنا اُڈوپوڈی نے اپسراکونڈا، ایکو بیچ، وِنائیکاونا  اور پاویترا ونا جیسی سائٹس تیار کرکے ایکو ٹورازم کے لئے زمین تیار کی تھی ۔ اس کے بعد ان کے جانشین وسنت ریڈی نے ان اقدامات کو وسعت دی ۔

موجودہ فاریسٹ آفیسر یوگیش نے کرناٹک کے پہلی میرین وائلڈ لائف سینکچوری کی تشکیل کے منصوبے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کی وجہ سے جنگلاتی تحفظ اور خطے میں سیاحت کے فروغ  کو تقویت ملے گی ۔ 


Share: