ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کاویری پانی چھوڑنے کے حکم کے خلاف کرناٹک اپیل دائر کرے گا: ڈی کے شیوکمار

کاویری پانی چھوڑنے کے حکم کے خلاف کرناٹک اپیل دائر کرے گا: ڈی کے شیوکمار

Thu, 30 Jul 2026 12:04:20    S O News

نئی دہلی/بنگلورو، 30/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ کاویری واٹر ریگولیشن کمیٹی (CWRC) کی جانب سے تمل ناڈو کو کاویری کا پانی چھوڑنے کے حکم کے خلاف کاویری واٹر مینجمنٹ اتھارٹی (CWMA) میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈوکیٹ جنرل، قانونی ماہرین اور متعلقہ افسران کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور اپیل کی تیاری جاری ہے۔

دہلی میں کرناٹک بھون کے باہر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال بارش کی شدید کمی کے باعث ریاست کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل کمیٹی نے تمل ناڈو کی درخواست دو مرتبہ مسترد کی تھی، تاہم اس بار پانی چھوڑنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ بنگلورو واپسی کے بعد اس معاملے پر ریاست کے قائدِ حزبِ اختلاف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا تاکہ مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجئے نے چیف سکریٹری کے ذریعے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں ان سے ٹیلی فون پر بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ان کا خیرمقدم کرنا کرناٹک کی ذمہ داری ہے، اس لیے انہیں باضابطہ طور پر ملاقات کی دعوت دی گئی ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے مزید کہا کہ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ خود کرناٹک کے کاویری طاس کے علاقوں کا دورہ کرکے پانی کی اصل صورتحال کا جائزہ لیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت بھی فراہم کرنے کی پیش کش کی گئی ہے تاکہ وہ زمینی حقائق کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں، جس میں پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کی جانب سے طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کارروائی پر تبصرے کا حوالہ دیا گیا، ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ طلبہ پر پیلٹ گن کے استعمال کا واقعہ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ ان کے مطابق دہلی پولیس مرکزی حکومت کے ماتحت ہے، اس لیے اس کارروائی کی وضاحت کرنا مرکزی وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے۔

کابینہ میں توسیع سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ابتدائی مشاورت ہو چکی ہے، تاہم کانگریس ہائی کمان کے ساتھ آخری مرحلے کی بات چیت ابھی باقی ہے اور جلد اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔


Share: