بنگلورو ،18/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرِ ثانی مہم کے سلسلے میں شام 6:00 بجے تک کی تازہ پیش رفت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست بھر میں مردم شماری فارموں کی تقسیم اور ڈیجیٹل اندراج کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
پریس نوٹ کے مطابق ریاست کی ووٹر فہرست میں کل 5,54,32,314 رائے دہندگان درج ہیں۔ گھر گھر مردم شماری فارم تقسیم کرنے کی مہم 30.06.2026سے 08.08.2026 تک جاری رہے گی، جبکہ فارموں کی ڈیجیٹل اندراج کی کارروائی بھی اسی مدت کے دوران مکمل کی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک 54,178,182 مردم شماری فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو مجموعی ہدف کا 97.74 فیصدہے۔ اسی طرح 40,487پولنگ مراکز میں فارموں کی تقسیم سو فیصد مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 5,271 پولنگ مراکز میں نوے فیصد سے زیادہ تقسیم کا مرحلہ مکمل کیا جا چکا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے بتایا کہ اب تک 28,304,795 فارموں کا ڈیجیٹل اندراج کیا جا چکا ہے، جو مجموعی فارموں کا 51.00 فیصد بنتا ہے۔ 21 پولنگ مراکز میں سو فیصد ڈیجیٹل اندراج مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 4,197پولنگ مراکز میں نوے فیصد سے زیادہ فارموں کا اندراج مکمل کیا جا چکا ہے۔
آن لائن نظام کے ذریعے 172,146 فارم موصول ہوئے ہیں، جو مجموعی تعداد کا 0.31 فیصدہے۔
نظرِ ثانی مہم کے دوران 2,268,324 ووٹروں کو مشتبہ یا خصوصی جانچ کے زمرے میں نشان زد کیا گیا ہے، جبکہ 273,598 ووٹر ناقابلِ تلاش یا غیر حاضر پائے گئے۔ اسی طرح 1,303,832 ووٹروں کی مستقل منتقلی، 556,674 ووٹروں کی وفات، 117,708 ووٹروں کا پہلے سے اندراج اور 6,492دیگر معاملات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ خصوصی نظرِ ثانی مہم مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور تمام اضلاع میں فارموں کی تقسیم اور ڈیجیٹل اندراج کی روزانہ نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ووٹر فہرستوں کو مکمل، درست اور شفاف بنایا جا سکے۔