ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پٹرول میں ایتھنول کی زیادہ ملاوٹ سے گاڑیوں کے انجن متاثر، 67 مقامات سے نمونے لے کر جانچ: ڈی کے شیوکمار

پٹرول میں ایتھنول کی زیادہ ملاوٹ سے گاڑیوں کے انجن متاثر، 67 مقامات سے نمونے لے کر جانچ: ڈی کے شیوکمار

Mon, 09 Nov 2026 11:24:33    S O News

بنگلورو ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ پٹرول میں ایتھنول کی بڑھتی ہوئی ملاوٹ کے باعث گاڑیوں کے انجن کی کارکردگی متاثر ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر ریاست کے 67 مقامات سے پٹرول کے نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ کی گئی ہے۔ متعلقہ وزیر پیر کے روز پریس کانفرنس کے ذریعے جانچ کی تفصیلات، رپورٹ اور حکومت کی جانب سے آئندہ اختیار کیے جانے والے اقدامات سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے اتوار کو سداشیونگر میں اپنی رہائش گاہ کے قریب اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول میں 31.5 فیصد ایتھنول کی ملاوٹ سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کو حکومت نے سنجیدگی سے لیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ وزیر کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں اور مرکزی حکومت کو بھی اس معاملے سے واقف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں گاڑی مالکان نے شکایات درج کرائی ہیں کہ پٹرول میں ایتھنول کی زیادہ مقدار کے باعث گاڑیوں کی مائلیج کم ہورہی ہے، گاڑیاں توقع کے مطابق فاصلہ طے نہیں کرپارہی ہیں اور بعض صورتوں میں دورانِ سفر انجن اچانک بند ہوجانے جیسے مسائل بھی پیش آرہے ہیں۔

ڈی کے شیوکمار نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے جانچ کا دائرہ صرف پٹرول پمپوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ ایتھنول کی ملاوٹ اور اس کی ترسیل کے مختلف مراحل کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ ایتھنول کی ملاوٹ کہاں اور کس طریقے سے کی جارہی ہے۔ متعلقہ دستاویزات بھی جمع کی گئی ہیں اور وزیر اس بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی نہیں کرسکتی۔ گاڑیوں کی کارکردگی، ایندھن کا معیار اور عوام کی سلامتی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ محض اس وجہ سے کہ ایتھنول کم قیمت پر دستیاب ہے، اس سے مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے پٹرول میں اس کی ملاوٹ کا تناسب بڑھانا مناسب نہیں۔ عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا کسی بھی صورت درست نہیں ہے۔

ملک بھر کے گاڑی مالکان میں تشویش پیدا کرنے والے اس معاملے کو حکومت انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ایسی خطرناک صورتحال کی مذمت کرتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس معاملے پر بی جے پی اور جے ڈی ایس قائدین کے علاوہ قائد حزب اختلاف آر اشوک کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد سے وابستہ اس اہم مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔


Share: