ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں ووٹر فہرستوں کی نظرِ ثانی جاری، 10.5 فیصد ووٹروں کے نام حذف ہونے کا امکان

کرناٹک میں ووٹر فہرستوں کی نظرِ ثانی جاری، 10.5 فیصد ووٹروں کے نام حذف ہونے کا امکان

Sat, 25 Jul 2026 11:22:40    S O News

بنگلورو، 25/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے جمعہ کی شام 6:00 بجے خصوصی انتخابی نظرِ ثانی (SIR) مہم کی تازہ پیش رفت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست میں ووٹر فہرستوں کی نظرِ ثانی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ 16 جون 2026 تک انتخابی فہرست میں کل 5,54,32,314 ووٹر درج تھے اور ان تمام ووٹروں کے لیے شمارہ فارم (Enumeration Forms) تیار کرکے متعلقہ بی ایل اوز کے ذریعے تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ گھر گھر سروے کا عمل 30 جون سے 8 اگست 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ اسی مدت کے دوران فارموں کی ڈیجیٹل اندراج کی کارروائی بھی مکمل کی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق اب تک 3,95,79,617 فارموں کا ڈیجیٹل اندراج مکمل ہو چکا ہے، جو مجموعی فارموں کا 71.40 فیصد ہے، جبکہ 6,18,924 ووٹروں نے اپنے فارم آن لائن جمع کرائے ہیں۔

رپورٹ میں سب سے زیادہ تشویشناک پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ 58,54,874 ووٹروں (10.50 فیصد) کو ایسے زمرے میں رکھا گیا ہے جن کے نام ووٹر فہرست سے حذف کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان معاملات میں مزید جانچ اور ضروری کارروائی کی جائے گی، تاہم اگر متعلقہ ووٹر مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ معلومات یا دستاویزات فراہم نہیں کرتے تو ان کے نام انتخابی فہرست سے خارج کیے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 34,76,017 (6.27 فیصد) ووٹر مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں، 12,17,592 (2.20 فیصد) ووٹروں کا انتقال ہو چکا ہے، 7,62,867 (1.38 فیصد) ووٹر گھر پر موجود نہیں ملے، جبکہ 3,82,083 (0.69 فیصد) افراد پہلے ہی کسی دوسری جگہ ووٹر کے طور پر درج ہیں۔ مزید 16,315 افراد کو دیگر زمروں میں شامل کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے تمام اہل ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نام اور دیگر تفصیلات کی بروقت جانچ کریں، بی ایل او سے رابطہ برقرار رکھیں، موصول ہونے والے نوٹس کا مقررہ وقت کے اندر جواب دیں اور ضروری دستاویزات جمع کرائیں تاکہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام انتخابی فہرست سے حذف نہ ہو۔ کمیشن نے واضح کیا کہ خصوصی نظرِ ثانی (SIR) مہم کا مقصد انتخابی فہرستوں کو زیادہ شفاف، درست اور تازہ بنانا ہے تاکہ ہر اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔


Share: