ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں 70 ہزار سرکاری آسامیوں کی بھرتی شفاف انداز میں ہوگی، ڈی کے شیوکمار

کرناٹک میں 70 ہزار سرکاری آسامیوں کی بھرتی شفاف انداز میں ہوگی، ڈی کے شیوکمار

Sat, 01 Aug 2026 11:50:10    S O News
کرناٹک میں 70 ہزار سرکاری آسامیوں کی بھرتی شفاف انداز میں ہوگی، ڈی کے شیوکمار

بنگلورو، یکم اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ریاست میں 70 ہزار سے زائد سرکاری آسامیوں پر جاری بھرتی مہم کو مکمل شفاف، منصفانہ اور سخت نگرانی میں انجام دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا دھوکہ دہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ودھان سودھا میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرناٹک پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر بھرتی کا عمل انجام دے رہا ہے، اس لیے اس پورے نظام کو ملک کے لیے ایک مثالی نمونہ بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور اسی صلاحیت کو بروئے کار لا کر بھرتی کے عمل کو پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ کرناٹک پبلک سروس کمیشن اور کرناٹک امتحانی اتھارٹی کی جانب سے اختیار کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سینئر افسران پر مشتمل ایک ماہر کمیٹی تشکیل دی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران 36,773 آسامیوں پر تقرری کے لیے امتحانات منعقد کیے جائیں گے، جن میں تقریباً 35 لاکھ امیدوار شریک ہونے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتحانات کے لیے تیار کردہ رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے اور شفافیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مرکزی لوک سیوا کمیشن کے بہترین طریقۂ کار سے بھی استفادہ کیا جائے۔

ڈی کے شیوکمار نے واضح کیا کہ ضلع سطح پر امتحانات کے منصفانہ انعقاد کی مکمل ذمہ داری ڈپٹی کمشنروں، ضلع پولیس سربراہوں اور محکمۂ تعلیم کے سینئر افسران پر ہوگی۔ اگر کسی بھی ضلع میں امتحانی بے ضابطگی سامنے آئی تو متعلقہ سینئر افسران کو براہِ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ امتحانی عمل کے ہر مرحلے کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے، کسی بھی تعلیمی ادارے یا انتظامیہ کو بے ضابطگی کا موقع نہ دیا جائے، امتحانی عمل کے دوران کسی افسر یا عملے کے پاس موبائل فون نہ ہو، جبکہ تمام کوچنگ مراکز پر پولیس کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں وزیر داخلہ پریانک کھرگے، چیف سکریٹری شالنی رجنیش، وزیراعلیٰ کے مشیران اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

ریاستی حکومت نے مسابقتی امتحانات اور سرکاری تقرریوں کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے سابق چیف سیکریٹری ایس وی رنگناتھ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اصلاحاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں سابق چیف سیکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر، وندیتا شرما اور وزیراعلیٰ کے مالیاتی مشیر ایل کے عتیق کو بطور ارکان شامل کیا گیا ہے۔

یہ کمیٹی تقرری اور امتحانی نظام کا جامع جائزہ لے کر ضروری اصلاحات سے متعلق اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔


Share: