ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایران-اسرائیل کشیدگی کے دوران ’آپریشن سندھو‘ کے تحت 1000 ہندوستانیوں کی وطن واپسی کا عمل جاری، ایران نے خصوصی طور پر کھولا ایئر اسپیس

ایران-اسرائیل کشیدگی کے دوران ’آپریشن سندھو‘ کے تحت 1000 ہندوستانیوں کی وطن واپسی کا عمل جاری، ایران نے خصوصی طور پر کھولا ایئر اسپیس

Sat, 21 Jun 2025 10:56:43    S O News

نئی دہلی، 21 جون (ایس او نیوز / ایجنسی)ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب ایران میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی کے لیے حکومت ہند نے ’آپریشن سندھو‘ کے نام سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 400 سے زائد ہندوستانی باشندے واپس لائے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ دو دنوں میں یہ تعداد 1000 تک پہنچنے کا امکان ہے۔

جمعہ کی رات ایک خصوصی پرواز کے ذریعے 290 ہندوستانی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے، جن میں اکثریت طلبہ اور زائرین کی تھی۔ ان مسافروں میں 190 افراد جموں و کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ دیگر دہلی، ہریانہ، کرناٹک اور مغربی بنگال جیسے ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ وطن واپسی کے بعد ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں اہل خانہ نے اپنے عزیزوں کو گلے لگا کر خوشی کے آنسو بہائے۔ کئی مسافروں نے بتایا کہ ان کا سفر انتہائی پریشان کن تھا، تاہم ہندوستانی سفارت خانہ اور وزارت خارجہ کی کوششوں سے وہ محفوظ طریقے سے اپنے وطن پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

اس مہم کو ممکن بنانے کے لیے ایرانی حکومت نے اپنی فضائی حدود، جو اس وقت بیشتر بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند ہے، ہندوستانی طیاروں کے لیے خصوصی طور پر کھول دی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں ہندوستانی مشن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ ایرانی شہروں سے پھنسے ہوئے طلبہ کو پہلے مشہد اور یریوین (آرمینیا) منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں خصوصی پروازوں کے ذریعے ہندوستان واپس لایا گیا۔ 18 جون کو شمالی ایران سے 110 طلبہ کو بذریعہ سڑک یریوین پہنچایا گیا تھا، جہاں سے اگلی صبح وہ دہلی پہنچے۔

وزارت خارجہ کے پاسپورٹ، ویزا اور قونصلر امور کے سکریٹری ارون کمار چٹرجی نے بتایا کہ ایران میں موجود ہندوستانیوں کی واپسی مرحلہ وار جاری ہے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہندوستانی شہریوں کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی، جو ایک بڑی سفارتی پیش رفت ہے۔

دہلی میں ایرانی سفارت خانہ کے مطابق، کشیدگی کے دوران کچھ ہندوستانی طلبہ زخمی بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد ایرانی وزارت خارجہ نے ان کے علاج اور بحفاظت منتقلی کے لیے ہندوستانی حکام کے ساتھ قریبی تال میل قائم کیا۔

جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے حکومت ہند، وزارت خارجہ اور متعلقہ ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم ان ہزاروں خاندانوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہوئی ہے، جو ایران میں پھنسے اپنے بچوں کی خیریت کو لے کر پریشان تھے۔

خیال رہے کہ ایران میں تقریباً 4000 ہندوستانی شہری مقیم ہیں، جن میں سے تقریباً نصف تعداد طلبہ کی ہے۔ حکومت ہند نے اعلان کیا ہے کہ 'آپریشن سندھو' کے تحت تمام پھنسے ہوئے شہریوں کو جلد از جلد وطن واپس لایا جائے گا، اور اس مہم میں تیزی لاتے ہوئے مزید دو پروازیں آج دہلی پہنچنے والی ہیں، جن میں ایک اشک آباد (ترکمانستان) سے روانہ ہوئی ہے۔


Share: