ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ایس آئی آر کے تحت گھر گھر ووٹر تصدیق کا عمل 30 جون سے شروع؛ ووٹروں کے لیے ضروری ہدایات

بھٹکل میں ایس آئی آر کے تحت گھر گھر ووٹر تصدیق کا عمل 30 جون سے شروع؛ ووٹروں کے لیے ضروری ہدایات

Thu, 11 Jun 2026 12:52:40    S O News
بھٹکل میں ایس آئی آر کے تحت گھر گھر ووٹر تصدیق کا عمل 30 جون سے شروع؛ ووٹروں کے لیے ضروری ہدایات

بھٹکل ، 11 / جون (ایس او نیوز) ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے تحت گھر گھر جا کر ووٹروں کی تصدیق اور معلومات جمع کرنے کا مرحلہ 30 جون سے شروع ہو رہا ہے جو 29 جولائی تک جاری رہے گا۔  اس ضمن میں بھٹکل تحصیلدار دفتر سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے  عوام کے لئے مندرجہ ذیل ہدایات جاری کی گئی ہیں .

۱۔ ووٹر شناختی کارڈ پر موجود نام کی اسپیلنگ آدھار کارڈ کے مطابق ہونا چاہیے ۔
۲۔ 2002 کی ووٹر لسٹ میں آپ کا یاآپ کے والدین یا ان میں سے کسی ایک کا  نام درج رہنا ضروری ہے ۔
۳۔ 30-06-2026  سے  29-07-2026  تک کے عرصے میں بوتھ لیول آفیسرز [بی ایل او] آپ کے گھر پر تین مرتبہ حاضر ہونگے ۔ اس دوران اگر گھر میں کوئی بھی موجود نہیں رہے گا تو ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔
۴۔ گھر پر آنے والے بی ایل او کی طرف سے ہر ووٹر کے لئے ایک فارم دیا جائے گا ۔ اس فارم میں ہر ووٹر کو 2002 کی فہرست میں موجود اپنی یا اپنے ماں، باپ، دادا یا دادی کی تفصیلات یعنی  بوتھ نمبر، نام کا نمبر شمار، نام، والد/شوہر کا نام درج کرکے یہ فارم واپس کرنا ہوگا ۔ 
۵۔ ہر ووٹر کو دو فام دئے جائیں گے ۔ دوسرا فارم بھرنے کے بعد گھر میں موجود کسی ایک شخص کو اس     کے اوپر دستخط کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد ایک فارم بی ایل او کو واپس کرنا اور دوسرے فارم پر بی ایل او کی دستخط لے کر اسے اپنے پاس گھر میں رکھنا ہوگا ۔ 
۶۔ ہر ووٹر کو اپنا ایک رنگین فوٹو گھر میں تیار  رکھنا ہوگا ۔ 
۷۔ ووٹر فی الحال جس مقام پر رہائش پزیر ہے اس پتے پر ووٹر شناختی کارڈ میں موجود رہائشی پتے کو تبدیل کروانا ہوگا ۔ اس کے لئے اپنے بی ایل او سے ملاقات کرکے ان کے پاس اپنی درخواست جمع کروانا  ہوگا ۔ 

Click here for report in English

اس سلسلے میں قومی سماجی ادارہ مجلسِ اصلاح و تنظیم کی جانب سے عوام کو مکمل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ صدیق اسٹریٹ میں واقع تنظیم کے دفتر میں کئی ماہ سے ایک ہیلپ لائن ڈیسک فعال ہے، جہاں شہری ضروری معلومات، دستاویزات سے متعلق رہنمائی اور ووٹر لسٹ کے امور میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ عوامی سہولت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تنظیم نے حال ہی میں نوائط کالونی رابطہ ہال میں خصوصی کیمپ بھی منعقد کیا، جس سے سینکڑوں افراد مستفید ہوئے اور نئے ووٹروں کے اندراج سمیت مختلف مسائل کے حل میں مدد ملی۔

تنظیم کے سرگرم رکن اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے نے بتایا کہ عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے اگلے دو تین دنوں میں بندر روڈ ففتھ کراس پر ایک نیا ہیلپ لائن ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق تنظیم اور فیڈریشن کے اشتراک سے جلد ہی مختلف علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایس آئی آر میپنگ کے لیے 2002 کی ووٹر لسٹ میں امیدوار یا اس کے اہلِ خانہ کا نام ہونا ضروری ہے، تاہم اگر کسی کا نام اس فہرست میں موجود نہ ہو تو گھبرانے کی ضرورت نہیں؛ ایسے افراد تنظیم کے دفتر یا قریبی ہیلپ لائن ڈیسک سے رابطہ کر کے مناسب رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں.

tanzeem-helpline-desk

Share: