ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مانسون کی شدید بارشوں سے مہاراشٹر، کیرالہ اور تمل ناڈو میں تباہی؛ درجنوں مکانات متاثر، کئی افراد ہلاک

مانسون کی شدید بارشوں سے مہاراشٹر، کیرالہ اور تمل ناڈو میں تباہی؛ درجنوں مکانات متاثر، کئی افراد ہلاک

Wed, 28 May 2025 10:41:47    S O News
مانسون کی شدید بارشوں سے مہاراشٹر، کیرالہ اور تمل ناڈو میں تباہی؛ درجنوں مکانات متاثر، کئی افراد ہلاک

ممبئی، 28 مئی (ایس او نیوز)  ہندوستان کے مختلف جنوبی اور مغربی ریاستوں میں مانسون کی ابتدائی بارشوں نے شدید تباہی مچائی ہے۔ مہاراشٹر، کیرالہ اور تمل ناڈو میں موسلادھار بارش نے جہاں عام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے، وہیں کئی انسانی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں، اور سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

منگل کے روز مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ علاقے میں شدید بارش کے دوران پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ چار افراد پانی میں ڈوب کر جان سے گئے جبکہ ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ ممبئی میں ایک شخص درخت گرنے کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔ ناندیڑ ضلع کے ہڈگاؤں تحصیل میں بادل پھٹنے جیسے مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ لاتور شہر میں صرف دو گھنٹے کی موسلادھار بارش نے خاصا نقصان پہنچایا اور کئی علاقے زیر آب آ گئے۔

کیرالہ میں 24 مئی سے مانسون کی آمد کے بعد لگاتار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ریاست کے مختلف حصوں میں نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 29 مکانات مکمل طور پر منہدم اور 868 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ شمالی کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں کئی مکانات سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کوزی کوڈ، کنور اور وائناڈ میں ریڈ الرٹ، جبکہ پتھان متھیٹا، کوٹایم، تریشور اور پلکڑ سمیت دیگر اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔

تمل ناڈو کے نیل گیری ضلع میں لگاتار تین دن کی بارش نے 17 مکانات کو متاثر کیا ہے، جبکہ 275 سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر قائم کیے گئے راحت کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بجلی اور پانی کی سپلائی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ادھر دہلی اور این سی آر میں حالیہ بارش اور آندھی کے بعد موسم نے کروٹ لی ہے۔ تیز دھوپ اور اُمس کی وجہ سے گرمی دوبارہ شدت اختیار کر چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو بھی شدید گرمی برقرار رہے گی، جبکہ جمعہ کی رات سے دوبارہ آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ملک کے کئی حصوں میں ہونے والی ان بارشوں نے نہ صرف فصلوں اور گھروں کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بچاؤ اور راحت رسانی کا کام جاری ہے۔


Share: