ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں موسلادھار بارش: ایک ہلاک، 136 مکانات کو نقصان

کاروار میں موسلادھار بارش: ایک ہلاک، 136 مکانات کو نقصان

Mon, 26 May 2025 20:12:50    S O News
کاروار میں موسلادھار بارش: ایک ہلاک، 136 مکانات کو نقصان

کاروار، 26 مئی (ایس او نیوز )ضلع  اُترکنڑا  میں گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید بارش کے نتیجے میں ایک شخص کی جان چلی گئی ہے اور مجموعی طور پر 136 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2025 سے لے کر 26 مئی کی شام پانچ بجے تک ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف مقامات پر بارش سے متعلقہ حادثات میں ایک انسانی جان کا زیاں ہوا ہے، جبکہ پانچ مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث چار مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں اور132مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر ضلع بھر میں 136 گھروں کو کسی نہ کسی شکل میں بارش کی وجہ سے نقصان ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک ضلع کے مختلف حصوں میں اوسطاً 21.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ضلع کے ہوناور علاقے میں سب سے زیادہ 69.3 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ کاروار میں 27 ملی میٹر، سدّاپور میں 39.2 ملی میٹر، سرسی میں 17.7 ملی میٹر، انکولہ اور بھٹکل میں 17.6 ملی میٹر، ، یلاپور، ہلیال اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف سطح کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام یا کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں۔


Share: