
سرسی 25/مئی (ایس او نیوز) جمعہ کی شام سرسی کے قریب بینّے ہلا اور راگہی ہوسلی کے درمیان شدید بارش کے باعث عارضی پل بہہ گیا، جس سے مقامی رابطہ متاثر ہوا۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر مقامی رکنِ اسمبلی بھیمنا نائک اور اسسٹنٹ کمشنر کاویارانی نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور سست رفتار اور ناقص تعمیراتی کام پر آر این ایس کمپنی کو تنقید کا نشانہ بنایا، جو کہ سرسی-کمٹہ نیشنل ہائی وے پر کام کر رہی ہے۔
یہ عارضی پل بننے والے بینّے ہلا پل کے دورانِ تعمیر آمد و رفت کے لیے بنایا گیا تھا، لیکن مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث ندی میں آئی طغیانی کے بعد پل مکمل طور پر بہہ گیا، جس سے ٹریفک اور رسد کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔
ایم ایل اے نائک نے پل کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ کے لیے ٹریفک بند کر دی گئی تاکہ کام تیزی سے مکمل ہو، لیکن اس کے باوجود کام کی رفتار انتہائی سست ہے۔ انہوں نے کہا: ’’کئی لوگوں نے ٹریفک پابندی کی مخالفت کی تھی، مگر ہم نے اس مقصد کے تحت کہ کام جلد سے جلد مکمل ہو اسے نافذ کیا۔ انہوں نے سست رفتاری سے جاری کام کو دیکھتے ہوئے سوال کیا کہ اب ہم عوام کو کیا جواب دیں؟‘‘ انہوں نے چلے ہولے، موصلی گنڈی، اور چندمورکنہلی جیسے دیگر پلوں کی تعمیر میں تاخیر پر بھی شدید اعتراض کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کاویارانی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور کانٹریکٹ کمپنی آر این ایس کے افسران کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ بینّے ہولے پل کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اور آئندہ ایک ہفتے میں باقی کام مکمل کر کے ہلکی گاڑیوں کے لیے راستہ کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام کو سہولت ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ نے ٹریفک بندش کے احکامات کو مزید جاری رکھا ہے اور بگڈی، دیوی منے، راگہوسہلی اور حبّے جیسے دیہات کے لیے متبادل رابطے کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔ راشن کی فراہمی اور اسکول جانے والے بچوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ نہ آئے، اس کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایم ایل اے بھیمنا نائک نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کسانوں، مزدوروں اور طلبہ کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اور تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی وائی ایس پی گیتا پاٹل، بندالا گرام پنچایت کے صدر دیوراج مراٹھی، تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر چنّابساپّا ہاوانگی، اور این ایچ اے آئی و آر این ایس کمپنی کے افسران و دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔
بتاتے چلیں کہ بینّے ہلا پر عارضی پل بہہ جانے کے باعث سرسی-کمٹہ ہائی وے کا راستہ منقطع ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بنڈالا اور سرسی سے حیبے، راگہی ہوسلی، مونڈاگارو اور دیوی منے جیسے دیہاتوں کا راستہ بھی بند ہو گیا ہے۔