ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں موسلادھار بارش کا آغاز؛ اُترکنڑا ضلع کے لیے اورینج الرٹ جاری

بھٹکل میں موسلادھار بارش کا آغاز؛ اُترکنڑا ضلع کے لیے اورینج الرٹ جاری

Thu, 04 Jun 2026 18:48:36    S O News
بھٹکل میں موسلادھار بارش کا آغاز؛ اُترکنڑا ضلع کے لیے اورینج الرٹ جاری

بھٹکل 4/جون (ایس او نیوز) : محکمہ موسمیات (IMD) کی جانب سے اُترکنڑا ضلع کے لیے اورینج الرٹ جاری کیے جانے کے بعد جمعرات کی شام تقریباً 6 بجے سے بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جو خبر لکھے جانے تک جاری تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 5 جون سے 10 جون کے درمیان اُترکنڑا ضلع میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ضلع کے کئی مقامات پر 64.5 ملی میٹر سے 115.4 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر 115.5 ملی میٹر سے 204.4 ملی میٹر تک انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب جنوب مغربی مانسون ملک کے مختلف حصوں میں مزید پیش قدمی کر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے تازہ ترین مانسون نقشے کے مطابق بحیرۂ عرب اور مغربی ساحلی علاقوں بشمول ساحلی کرناٹک میں مانسون مزید مضبوط ہوچکا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی موسمیاتی ہدایات پر عمل کریں۔ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خاص طور پر نشیبی و لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

آئندہ چند دنوں میں متوقع وسیع پیمانے پر بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے مانسون سے نمٹنے کے لیے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ہنگامی ردِعمل کے نظام کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔


Share: