
بھٹکل ، 27 مئی (ایس او نیوز): اُتر کنڑا میں تین چار دنوں سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں جبکہ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے عوام کو شدید مشکلات بھی پیش آئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھٹکل میں سب سے زیادہ یعنی 100.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ موسلا دھار بارش نے کئی علاقوں کو متاثر کیا، جہاں سب سے زیادہ بارش ساحلی شہر بھٹکل میں ریکارڈ کی گئی۔ بھٹکل میں 100.2 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ ہوناور میں 68.5 ملی میٹر، کمٹہ میں 32.5، کاروار میں 28.3، انکولہ میں 25.9، سداپور میں 21.6، سرسی میں 14.1، سوپا میں 4.2، یلاپور میں 6.4، ڈانڈیلی میں 3.9، ہلیال میں 2.2 اور مندگوڈ میں 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
تیز بارش کے نتیجے میں ضلع کے مختلف حصوں میں نقصانات کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔ حکام کے مطابق 2مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں جبکہ 3مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔بارش کی وجہ سے کھیتی باڑی اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، بارش سے ایک طرف 0.3 ہیکٹر زرعی زمین تو دوسری طرف 3.14 ہیکٹر باغبانی کا رقبہ متاثر ہوا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔