ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کی پانچوں گارنٹی اسکیمیں جاری رہیں گی، افواہوں پر یقین نہ کریں: سدارامیا

کرناٹک کی پانچوں گارنٹی اسکیمیں جاری رہیں گی، افواہوں پر یقین نہ کریں: سدارامیا

Tue, 16 Jun 2026 11:39:35    S O News

بنگلورو، 16/جون (ایس او نیوز /ایجنسی) سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی پانچوں گارنٹی اسکیموں کو کسی بھی صورت بند نہیں کیا جائے گا اور یہ نہ صرف آئندہ دو برس تک بلکہ اگلے اسمبلی انتخابات کے بعد بھی جاری رہیں گی۔

اپنے ایک بیان میں سدارامیا نے کہا کہ گارنٹی اسکیموں کے نفاذ میں جہاں کہیں خامیاں نظر آتی ہیں، انہیں دور کرنے کا عمل ابتدا ہی سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے مستفیدین سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھریں اور بے بنیاد خبروں سے پریشان نہ ہوں۔

سدارامیا نے بی جے پی کو بنیادی طور پر "غریب مخالف جماعت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے پہلے دن سے ہی گارنٹی اسکیموں کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں بی جے پی نے ان اسکیموں کو ناقابلِ عمل قرار دیا، بعد میں حکومت کے مالی بحران اور دیوالیہ ہونے کی پیش گوئیاں کیں، اور اب یہ افواہ پھیلائی جا رہی ہے کہ حکومت ان اسکیموں کو بند کرنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب بی جے پی کی سیاسی مایوسی کا اظہار ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت میں پانچوں گارنٹی اسکیمیں کامیابی کے ساتھ نافذ کی گئی ہیں اور ان کا ریاست کی معیشت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آج کرناٹک فی کس آمدنی کے اعتبار سے ملک میں پہلے مقام پر ہے جبکہ جی ایس ٹی وصولی کے معاملے میں مہاراشٹرا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ریاست کا خزانہ خالی ہوتا یا حکومت دیوالیہ پن کا شکار ہوتی تو کیا ایسی معاشی کامیابیاں ممکن تھیں؟ سدارامیا نے مزید کہا کہ بی جے پی نے جن گارنٹی اسکیموں کی مسلسل مخالفت کی، انہی طرز کی اسکیموں کو مدھیہ پردیش، بہار اور مغربی بنگال میں اپنا کر اقتدار حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں بی جے پی کو ان اسکیموں کی مخالفت کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض ریاستوں میں انتخابات سے قبل بی جے پی نے گارنٹی اسکیموں کے وعدے تو کیے، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہیں مکمل طور پر نافذ کرنے میں ناکام رہی۔

سدارامیا نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ گارنٹی اسکیموں کا فائدہ صرف حقیقی اور مستحق افراد تک پہنچے۔ اگر کوئی غیر مستحق شخص دھوکہ دہی کے ذریعے ان اسکیموں سے فائدہ اٹھاتا ہے تو اسے روکنا منتخب حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عوام سے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لالچ میں آکر حکومت کو دھوکہ دینا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ریاست کے عوام کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔

انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی فائدے کے لیے بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کے بجائے مستحق افراد تک سرکاری اسکیموں کے فوائد پہنچانے میں حکومت کا تعاون کریں۔


Share: